Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہلال احمر یمن کو 30 ایمبولینسیں فراہم کرے گی

مشترکہ تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر نے یمن کے ادارہ صحت کی مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 30 ایمبولینسیں اور جدید سہولتوں سے آراستہ گاڑیاں فراہم کرنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’سعودی پروگرام برائے تعمیروترقی یمن‘ وزارتوں، محکموں، سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ مل کر یمن کے ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کو افرادی قوت اور طبی سامان فراہم کررہے ہیں۔ 
سعودی ہلال احمر نے یہ اعلان ریاض میں خصوصی پروگرام کے دوران کیا ہے۔
ہلال احمر اور یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام نے مشترکہ تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

یمن کی تعمیر و ترقی کا سعودی پروگرام 2018 سے کام کررہا ہے(فوٹو ایس پی اے)

ہلال احمر کے سربراہ ڈاکٹر جلال العویسی نے کہا کہ تعاون کا یہ اقدام شاہی فرمان کی تعمیل میں کیا جارہا ہے۔
یمن کی تعمیر و ترقی کے سعودی پروگرام کے سربراہ محمد آل جابر نے کہا کہ تعاون کے تحت 30 ایمبولینسیں اور جملہ طبی لوازمات سے آراستہ گاڑیاں مہیا کی جائیں گی۔ اس سے یمن کے متعدد علاقوں میں ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کو صحت خدمات فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔ 
یاد رہے کہ یمن کی تعمیر و ترقی کا سعودی پروگرام 2018 سے کام کررہا ہے۔ یہ تعلیم، صحت، پانی، توانائی، ٹرانسپورٹ، کاشتکاری، مچھلیوں کی افزائش، سرکاری اداروں کی تشکیل و بحالی اور ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لے رہا ہے۔ 7 اہم شعبوں میں 207 ترقیاتی پروگرام کرچکا ہے۔

شیئر: