Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کا پی ٹی آئی کا ’جعلی ٹرینڈ‘ پکڑنے کا دعویٰ

حکومتی ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی حامی ٹرینڈز میں باٹس کا استعمال کرتے رہے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کے ٹرینڈ کو جعلی قرار دیتے ہوئے حکومت نے اس سے متعلق ٹویپس کا ڈیٹا جاری کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیر کو نیوز کانفرنس اور بعد میں ٹویٹس کے ذریعے بتایا کہ ٹرینڈ میں ٹوئٹر کے باٹ اکاؤنٹس کو استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ’جعلی ٹرینڈ کا فراڈ‘ کے عنوان کے ساتھ جاری کیے گئے ڈیٹا میں بتایا کہ کل 924 اکاؤنٹس اس مقصد کے لیے استعمال کیے گئے۔
ان کے مطابق ٹرینڈ میں ایکٹو ٹوئٹر اکاؤنٹس کی تعداد 709، مصدقہ انسانی اکاؤنٹس کی تعداد 177 جب کہ باٹس یا باٹس کی طرح کے اکاؤنٹس کی تعداد 532 رہی۔
مریم اورنگزیب کے مطابق ٹویٹس کرنے والے حقیقی اکاؤنٹس کی تعداد 33 رہی۔

10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت ختم ہوئی، اس کے بعد سے ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کا ٹرینڈز استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے ٹرینڈز پینل میں موجود رہنے والے ٹرینڈ کے ساتھ دیے جانے والے ڈیٹا میں نمایاں تھا کہ اس پر روزانہ لاکھوں ٹویٹس کی جاتی رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان بھی اپنی تقریروں میں اس سوشل میڈیا سرگرمی کا ذکر کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کا ٹرینڈ استعمال کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔
پیر کو پریس کانفرنس کے بعد مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کے ذریعے معاملے کی مزید وضاحت کی تو دعوی کیا کہ ’ٹوئٹر نے پی ٹی آئی کی باٹ آرمی کو پہچان کر ان کے جعلی ٹرینڈز کو سپیم قرار دے دیا تھا۔‘

لیگی رہنما کے مطابق ’پی ٹی آئی باٹس اب بھی ڈیجیٹل سپیس کو سپیم کرنے کے لیے الفاظ تبدیل کر کے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی احمق نہیں جو نامنظور کو نامنطور کر کے پھیلائے گئے جھوٹ پر یقین کریں۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ڈاکٹر ارسلان خالد نے مریم اورنگزیب کے ڈیٹا کو جھٹلاتے ہوئے لکھا کہ ’غلط ہیش ٹیگ کو موضوع بحث بنا کر پریس کانفرنس ہی کر ڈالی۔‘
انہوں نے حکومتی جماعت کی ترجمان کو ’مفت سبق دینے‘ کی پیشکش کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اصل ہیش ٹیگ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے جس پر چھ کروڑ کے قریب ٹویٹس ہو چکی ہیں۔‘

شیئر: