Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 السعودیہ کی تین ماہ میں 40 ہزار پروازیں، 50 لاکھ مسافر

مسافروں اور پروازوں دونوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 50 لاکھ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق السعودیہ نے 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مسافروں اور پروازوں دونوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔
السعودیہ کی آپریشنل کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ’2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران السعودیہ نے 51 لاکھ سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی۔ جبکہ شرح نمو 75 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔‘
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ایسا مملکت کے متعدد شہروں میں بین الاقوامی پروگرام اور سرگرمیوں کے باعث سیاحت بڑھ جانے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔‘ 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’السعودیہ نے 40 ہزار سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی پروازیں چلائیں جو 2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ رہی ہیں۔‘ 
السعودیہ نے بوئنگ بی 777، اور بی 787  ڈریم لائنر، ایئر بس اے 320،اے 321 اوراے 330 ساخت کے 144 طیاروں سے مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی۔
2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران السعودیہ نے 101.6 ہزار گھنٹوں پر مشتمل پروازیں چلائیں جو گزشتہ برس کی سہ ماہی کے مقابلے میں 77 فیصد زیادہ ہے۔ 

شیئر: