Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کی ریاستی کونسل کے سربراہ اور ممبران کو سعودی عرب کی مبارکباد 

سعودی وزیر خارجہ نے بھی ریاستی کونسل کے سربراہ کو مبارکباد دی ہے( فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب نے عدن میں یمن کی ریاستی کونسل کے سربراہ اور ممبران کو حلف اٹھانے پرمبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ’ مملکت کی خواہش ہے کہ یمن کے تمام فریق قومی فرض کو محسوس کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے کام کریں گے‘۔
’ خلیج کے عرب ممالک کے سسٹم کا حصہ بن کر ملک کو امن و امان لائیں گے۔ تمام فریق تفرقہ و اختلاف اور جنگ کے ماحول سے ملک کو نکال کر امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے‘۔ 
سعودی دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’مملکت ریاستی کونسل اور اس کے سربراہ اور معاون اداروں کی بھرپور حمایت کرے گی‘۔
 بیان میں کہا گیا کہ ’یمن میں امن و استحکام قائم کرانے والے موثراقدامات اور پالیسیوں کے نفاذ نیز یمنی بھائیوں کی خدمت اور ان کی امنگوں اور آرزوؤں کے حصول کے لیے وہ جو کام کریں گے سعودی عرب ان کے ساتھ ہوگا‘۔
یاد رہے کہ یمن کی ریاستی کونسل کے صدر اور ارکان نے منگل کو عدن میں حلف اٹھایا ہے۔
 کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا کہ’ ریاستی کونسل اجتماعی، اقتصادی، سیاسی، عسکری اور امن و سلامتی کے تمام چیلنجوں کا مقابلہ قومی وفاق کے ساتھ کرے گی۔ سب سے بڑا چیلنج بغاوت اور جنگ کا خاتمہ، ریاستی اداروں اور امن و سلامتی کی بحالی ہے‘۔ 
دریں اثنا سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یمن کی ریاستی کونسل کے سربراہ اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئےاس خواہش کا اظہار کیا کہ’ یمن کے تمام فریق ملک کے مفاد کو سب سے اوپر رکھیں اور یمنی عوام کی آرزوؤں کے حصول کی ہر ممکن کوشش کریں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یمنی عوام چاہتے ہیں کہ ملک میں امن و استحکام بحال ہو‘۔ 

شیئر: