Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الہان عمر امریکہ میں پاکستانی فلم کے پریمیئر میں شرکت کریں گی

الہان عمر بدھ کی صبح پاکستان پہنچی تھیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر اگلے مہینے امریکہ میں پاکستانی فلم ’دم مستم‘ کے پریمیئر میں شرکت کریں گی۔
اتوار کو پاکستانی اداکار اور ہدایتکار عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے الہان عمر، اداکار عمران اشرف اور کانگریس ویمن کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی الہان عمر کے ساتھ جغرافیائی سیاست، انٹرٹینمنٹ، کلچر اور فوڈ سے متعلق گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ الہان عمر نے اگلے مہینے امریکہ میں ان کی فلم ’دم مستم‘ کے پریمیئر میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔
واضح رہے الہان عمر منگل کو پاکستان پہنچی تھیں اور اس دورے کے دوران انہوں نے پاکستانی سیاسی قائدین بشمول سابق عمران خان اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
پاکستان آمد کے بعد انہوں نے اسلام آباد کے زیر انتظام کشمیر کا بھی دورہ کیا تھا۔
الہان عمر نے ایل او سی کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نہیں مانتی کہ اس (کشمیر) کے بارے میں اس حد تک بات کی جا رہی ہے جس کی کانگریس بلکہ انتظامیہ کو بھی ضرورت ہے۔
الہان عمر کا مزید کہنا تھا کہ ’کشمیر کے سوال پر ہم نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کو دیکھنے کے لیے خارجہ امور کی کمیٹی (کانگریس) میں سماعت کی۔‘
الہان عمر اپنا پاکستان کا دورہ مکمل کر کے آج واپس امریکہ لوٹ رہی ہیں۔
خیال رہے یہ کانگریس ویمن کا دورہ پاکستان غیرسرکاری تھا۔ جمعرات کو اس حوالے سے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ الہان عمر پاکستان کسی سرکارہ دورے پر نہیں گئیں اور ان کے اس دورے سے متعلق سوالات ان کے نمائندے سے کیے جانے چاہییں۔

شیئر: