عسیر میں ڈرون کے ذریعے میونسپل خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کا کامیاب تجربہ
خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کا آغاز ابھا اور خمیس مشیط سے کیا جائے گا (فوٹو: اخبار 24)
عسیر ریجن کے سیکرٹری عبداللہ الجالی کا کہنا ہے’ ڈرون کے ذریعے بلدیہ کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کا تجربہ کامیاب رہا جو مملکت کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق عبداللہ الجالی نے بتایا ڈرونز کے ذریعے خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کی تجرباتی مہم کا آغاز گزشتہ برس فروری میں کیا گیا تھا۔

میونسپلٹی کے تجرباتی مراحل میں وزارت بلدیات و ہاوسنگ و دیگر سرکاری ادارے شریک تھے۔
پہلے مرحلے میں ڈرونز کے ذریعے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کا آغاز ابھا اور خمیس مشیط سے کیا جائے گا بعدازاں اس کا دائرہ عمل دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔

ریجنل سیکرٹری عبداللہ الجالی نے کہا ’خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے جن ڈرونز کا استعمال کیا جاتا ہے وہ مکمل طور پر مصنوعی ذہانت سے آپریٹ ہوتے ہیں جس میں کسی انسان کا عمل دخل نہیں۔‘
بلدیہ کی جانب سے تعمیرات، تجاوزات، کھدائی و اسی نوعیت کی دیگر خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا جائے گا۔ بلدیہ کے کنٹرول روم میں ڈرونز کے ذریعے موصول ہونے والی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ کمیٹی اس پر ایکشن لے گی۔
