Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑتے رہے‘

مریم نواز کہتی ہیں کہ ’عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو 18 کروڑ روپے میں بیچ دیا‘ (فوٹو: مریم نواز ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’عمران خان آخری دن تک اپنا اقتدار بچانے کی کوشش کرتے رہے، کبھی اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑتے رہے تو کبھی اپنے دوست کے ذریعے آصف زرداری کی منتیں کرتے رہے۔‘
منگل کی رات کو حلقہ این اے 128 لاہور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’عمران خان اس لیے جلدی الیکشنز چاہتے تھے تاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نہ آئے۔‘
’وہ جانتے تھے کہ مسلم لیگ ن حکومت میں آگئی تو ان کی کرپشن سامنے آجائے گی۔
مریم نواز کے مطابق ’مسلم لیگ ن انتخابات سے نہیں ڈرتی، ڈرتے وہ ہیں جو اپنی حکومت میں 16 میں سے 15 ضمنی الیکشنز ہار جائیں۔‘
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی اہلیہ کا فرح گوگی سے کیا رشتہ تھا؟‘جواب دو اربوں روپے کی زمین فرح گوگی کے نام پر کیوں لگائی؟‘
’پنجاب اور لاہور کی ترقی عثمان بزدار کے ساتھ فرح گوگی نے کھا لی ہے، اگر آپ کی اہلیہ کا فرح گوگی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا تو پھر انہیں راتوں رات بیرون ملک کیوں فرار کروایا؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے پاکستان کی ریاست کو ملنے والے توشہ خانہ کے تحائف بازار میں جاکر بیچ دیے، انہوں نے دراصل دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو 18 کروڑ روپے میں بیچ دیا۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کہتی ہیں کہ ’جب کارکردگی کا خانہ خالی ہو تو سازش کا شور مچانا پڑتا ہے، عمران خان پہلے 22 سال کپ لے کر پھرتے رہے اب اگلے 22 سال خط لے کر پھرتے رہیں گے۔‘

حمزہ شہباز نے کہا کہ ’حکومت جانے کے بعد عمران نیازی اداروں کو ڈرانا چاہتے ہیں‘ (فوٹو: سکرین گریب)

مریم نواز نے صدر عارف علوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان ہے آپ کا ذاتی کلینک نہیں ہے، استعفیٰ دیں اور بھاگ جائیں۔‘
اس موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ’حکومت جانے کے بعد عمران نیازی مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، وہ اداروں کو ڈرانا چاہتے ہیں۔‘
’عمران نیازی میں وارننگ دیتا ہوں ہوش کے ناخن لو، اداروں کو بدنام مت کرو اور ہمارے صبر کا امتحان مت لو۔‘
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ’عمران نیازی ایسا کھلاڑی ہے جس نے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا، اور چار سال تک شریف خاندان سے بدترین انتقام لیا۔‘

شیئر: