Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو زرداری آج بدھ کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’نئے میثاق جمہوریت پر اتفاق رائے پیدا کریں گے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بدھ کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔
منگل کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے تصدیق کی کہ ’وہ بدھ کو بطور وزیر خارجہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وہ مجھے کیوں نہیں بچایا کی مہم چلا رہے ہیں اور ہر وہ ادارہ عمران خان کے نشانے پر ہے جس نے انہیں نہیں بچایا۔‘
’عمران خان کی سازش جاری ہے، وہ کبھی عدلیہ اور کبھی الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق ’ایک غیر جمہوری شخص کو ہم پر مسلط کیا گیا تھا، ایک شخص کی وجہ سے تمام ادارے متنازع بن گئے تھے۔‘
’ہمارے آئین، جمہوریت اور پارلیمان پر حملے کی تحقیقات ہونی چاہییں۔ جمہوریت میں یہ نہیں ہوسکتا کہ آئین توڑا جائے اور اس کی سزا نہ ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے آئین کو توڑا گیا، کاغذ سمجھ کر پھاڑا گیا، 9 اپریل کو جو سازش کی گئی اس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے علاوہ صدر کی کرسی پر بیٹھا شخص بھی ملوث ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری کے بقول ’عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، ان کی کوشش تھی کہ ادارے کو ٹائیگر فورس بنا دیا جائے۔‘

بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ ’عمران خان کی سازش جاری ہے، وہ کبھی عدلیہ اور کبھی الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں‘ (فائل فوٹو: عمران خان فیس بُک)

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ’وہ نئے میثاق جمہوریت پر اتفاق رائے پیدا کریں گے اور مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تمام اداروں کو قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے، امید ہے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے اور متنازع کردار ادا نہیں کریں گے۔‘

شیئر: