Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا پلانٹڈ ایجنٹ ہے: عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایک پلانٹڈ ایجنٹ ہے۔‘
منگل کو پشاور میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹیرنیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کو اس عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہ ان کو چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں۔ ان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع کرنی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف منگل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کے خلاف اس کے دفاتر کے باہر احتجاج کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کو جانے والے اہم داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا کر انہیں جزوی طور پر بند کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چیف الیکشن کمیشن کا جھکاؤ ایک جانب ہے۔ انہیں فوری طور پر استعفا دے دینا چاہیے۔‘
اسلام آباد پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے جس کے تحت سیاسی جلوسوں اور اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
پیر کی رات اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہریوں سے کہا تھا کہ ریڈ زون میں احتجاج نہ کیا جائے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے کارکنوں کو اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 میں واقع کوورڈ مارکیٹ میں جمع ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے جہاں سے ریلی شکل میں کارکن اسلام آباد کے ریڈ زون میں قائم الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج کے لیے پہنچیں گے۔
ادھر لاہور میں تحریک انصاف کے کارکن صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور وہ ’الیکشن کمیشن نامنظور‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ 
کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے جبکہ لاؤڈ سپیکرز پر پارٹی ترانے چلائے جا رہے ہیں۔

 لاہور میں تحریک انصاف کے کارکن صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)

پشاور میں الیکشن کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔
احتجاج کے باعث پشاور کی شامی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
تحریک انصاف کی قیادت نے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں قائم الیکشن کمیشن کے تمام ضلعی دفاتر کے باہر احتجاج کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

پشاور میں مظاہرین کے ہاتھوں موجود بینرز پر ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کے نعرے درج ہیں(فوٹو: سکرین گریب) 

کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے دفتر سے پاسپورٹ آفس تک پیدل مارچ کیا اور مظاہرین نے چیف الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کے شرکا میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، بلال غفار، خرم شیرزمان بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اتوار کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ’ان کی پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل کو پاکستان بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا اور اس حوالے سے پارٹی کی ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔‘
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر ’جانبداری‘ برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک منصوبے کے تحت منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈکلیریشن نہیں جاری کر رہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیر کارکنوں سے کہا کہ ’جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا آپ نے ہمارے ساتھ بیٹھنا ہے۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

بعدازاں پیر کو پارٹی کی 26 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا ہمارے ساتھ بیٹھنا ہے۔
’آپ سب نے گلی محلوں میں نکلنا ہے لوگوں کو متحرک کرنا ہے۔‘
دوسری جانب پیر ہی کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سوموار کو پارٹی چیئرمین کی صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں چیف الیکشن کمیشنر کے رویے کا جائزہ لیا گیا۔
فواد چودھری کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے رویے سے لگ رہا ہے کہ وہ ن لیگ کے کارکن ہیں۔ ’چیف الیکشن کمشنر چاہتے ہیں تو ن لیگ میں عہدہ لے لیں۔ کل پورا پاکستان چیف الیکشن کمشنر کے جانبدارانہ رویے پر احتجاج کرے گا۔‘ 
 

شیئر: