Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کے بیڑے میں اضافہ، چار نئے ایئر بس اے 320 طیارے شامل  

پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے کے بیڑے میں 29 طیارے شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے میں اضافہ کرتے ہوئے مزید 4 طیاروں کو شامل کیا ہے جن میں سے ایک طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔  
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ایئر بس اے 320 اسلام آباد پہنچ گیا ہے جبکہ مزید تین طیارے چند ماہ میں فضائی بیڑے میں شامل ہوں گے۔  
ترجمان نے بتایا کہ لیز پر حاصل کیے گئے ایئر بس 170 نشتوں پر مشتمل ہیں جبکہ اسلام آباد پہنچنے والا طیارہ 4 برس پہلے بنایا گیا تھا۔ 
پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل 6 ایئر بس اور  بوئنگ طیاروں کی لیز جون 2021 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد 8 نئے طیارے حاصل کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے گئے تھے۔ 
پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے میں 29 طیارے شامل ہیں جن میں 12 بوئنگ 777، 11 ایئر بس اے 320، جبکہ چھ  اے ٹی آر شامل ہیں۔  
سنہ 2022 میں منظور ہونے والے نئے بزنس پلان میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں بھی مزید 19 طیارے شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق پی آئی اے کا فضائی بیڑا 2023 تک 35 طیاروں پر مشتمل ہوگا، 2024 میں 37، 2025 میں 44 تک بڑھ جائے گا۔  
سال 2026 میں پی آئی اے کا موجودہ فضائی بیڑا 30 سے بڑھا کر 49 تک کرنے کا ٹارگٹ شامل ہے۔

شیئر: