Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر نقصان کر رہے ہیں: مفتاح اسماعیل

پاکستان کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ’ہماری سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے بہت مفید مذاکرات ہوئے ہیں۔‘
بدھ کو کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’ریاض میں ان کی سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات ہوئی ہے۔ ہم نے سعودی عرب سے گزارش کی ہے کہ رواں برس سٹیٹ بینک میں رکھے پیسے واپس نہ لیں۔‘
 مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین سے بھی ہمارے مذاکرات انتہائی سود مند رہے ہیں۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ’عمران خان ملکی تاریخ کی تیز ترین مہنگائی کر کے گئے ہیں، شہباز شریف نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔‘
’یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو کردی گئی ہے جو 2019 کے بعد کم ترین قیمت ہے۔‘
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ’گھی پر 200 روپے فی کلو رعایت دی جارہی ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1200 روپے سے کم کرکے 800 روپے کا کردیا ہے۔‘
یٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر نقصان کر رہے ہیں۔‘
’آئی ایم ایف سے پی ٹی آئی کے کیے گئے وعدے کے مطابق اس وقت ڈیزل 150 روپے فی لیٹر مہنگا ہونا چاہیے۔‘
مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان کے دور میں بدانتظامی کے باعث 27 پاور پلانٹس بند ہوئے، وہ بتائیں آپ نے کتنے پاور پلانٹس لگائے؟‘

مفتاح اسماعیل کے بقول ’اس وقت ڈیزل 150 روپے فی لیٹر مہنگا ہونا چاہیے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’عمران خان نے سی پیک کو تباہ کیا، چینی کمپنیوں کے 290 ارب روپے دبا لیے۔‘
مشیر خزانہ نے کہا کہ ’فواد چوہدری میری ترقی کا ذکر تو کرتے ہیں انہیں فرح خان  کی ترقی کا بھی ذکر کرنا چاہیے تھا۔‘
’عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ پنجاب میں فرح خان کے کہنے پر پوسٹنگ اور ٹرانسفرز کیوں ہوتی تھیں؟‘
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کا سستا ہاؤسنگ قرضہ سکیم اور اس طرح کی دیگر سکیمیں ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

شیئر: