Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا ابوظبی کے ولی عہد کو فون، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید آل نہیان کو ٹیلی فون کرکے انہیں اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے عوام کو عیدالفطر کی مبارک پیش کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یو اے ای کی قیادت کی اچھی صحت اور امارات کے عوام کے امن وخوش حالی کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
ابوظبی کے ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کو عید کی مبارک پیش کرتے ہوئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے یو اے ای کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ولی عہد کے ساتھ اپنی تفصیلی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے اور اپنے وفد کی میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لیے وہ یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے یو اے ای کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔
وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لیے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔  

شیئر: