Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا شہباز گل کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر وے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہبازگل کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ڈاکٹر شہبازگل کو موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔
وزیراعظم نے حادثے میں ڈاکٹر شہباز گل اور ان کے ہمراہیوں کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس اور ہمدردی کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ڈاکٹر شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کر دی۔
خیال رہے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل موٹر وے پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئے تھے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ خانقاہ ڈوگرا کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں موجود افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
دوسری جانب شہباز گل نے دعوی کیا تھا کہ کہ ان کی گاڑی کا پیچھا کرکے جان بوجھ کر ہِٹ کیا گیا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ میری گاڑی کا پیچھا کرکے جان بوجھ کر ہِٹ کیا گیا۔
’یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا، قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ  اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں۔‘

پولیس کے مطابق گاڑی میں موجود افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

شہباز گل کا کہنا تھا کہ میں نے کل ہی کہا تھا کہ  زیادہ سے زیادہ آپ ہمیں قتل کروا دیں گے ؟ کروا لیں، غداری نہیں کروں گا۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خان کے ساتھ کھڑا تھا  اور کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔
’میں آج قوم کو بتانا چاہتا ہوں یہ خان پر بھی حملہ آور ہوں گے،  یہ ہر قیمت پر ہمیں چپ کروانے کی کوشش کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ  بیرونی سازش کے لوکل ہینڈلرز اور غداروں کو یہ پتہ ہے کہ خان اور اس کے ساتھی چپ نہیں بیٹھیں گے۔
 

شیئر: