Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک صوبیدار اور 4 فوجی جوان ہی مہیا کر دیں: گورنر پنجاب کی آرمی چیف سے گزارش

مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ’غیرآئینی مطالبے کرنے والے گورنر کو ایک حوالدار اور چار سپاہی گورنر ہاﺅس سے اٹھا کر باہر پھینکنے والے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ’ماضی میں سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ ٹرپل ون بریگیڈ کا مطالبہ کیا ہے۔ میں نے تو کہا ہے کم از کم مجھے ایک صوبیدار صاحب اور 4 فوجی جوان ہی مہیا کر دیں۔‘
گورنر پنجاب نے جمعرات کو اپنی ٹویٹ میں لکھا ’اپنے بیان سے واضح کر دیا ہے کہ اس صورت حال میں کیسی مداخلت کے توقع رکھتا ہوں اور کیا ضرورت ہے۔ گورنر نہ ہوتا تو عوام سے مدد کا مطالبہ کرتا۔‘
گورنر عمر سرفراز چیمہ کے بیان کے ردعمل میں مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ’غیرآئینی مطالبے کرنے والے گورنر کو ایک حوالدار اور چار سپاہی گورنر ہاﺅس سے اٹھا کر باہر پھینکنے والے ہیں۔‘
’غیرآئینی طور پر گورنر ہاﺅس پر مسلط عمران نیازی کے ٹاﺅٹ سے گورنر ہاﺅس خالی کرانے کا وقت آگیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عدالتی فیصلے کے سامنے سرجھکانے کے بجائے آئین اور قانون شکن ٹولہ اوٹ پٹانگ حرکتوں میں مصروف ہے۔ غیرآئینی گورنر سوال اٹھانے کے بجائے اپنا سامان اٹھائے اور گورنر ہاﺅس خالی کرے۔‘
طلال چوہدری کہا ’ایک طرف قوم کو آزاد کرنے نکلے ہیں اور دوسری طرف کبھی اقوام متحدہ تو کبھی اسٹیبلشمنٹ کو اپیلیں کررہے ہیں۔‘
گورنر عمر سرفراز چیمہ نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’میرا قوم سے وعدہ ہے کہ آخری دم تک عوام کی طاقت سے اس سسیلین مافیا کا مقابلہ کروں گا۔ ان شاءاللہ جلد غیرآئینی و غیر قانونی وزیراعلیٰ سے دفاتر اور سرکاری وسائل کا قبضہ چھڑوایا جائے گا۔‘

شیئر: