Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر میں نئی حلقہ بندیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: او آئی سی

جنرل سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ عالمی برادری انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حلقہ بندیوں کی صورتحال کا نوٹس لے۔ (فوٹو: او آئی سی)
اسلامی تعاون تنظیم کی جنرل سیکریٹریٹ نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انتخابی حلقہ بندیوں کو ازسر نو ترتیب دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو او آئی سی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق جنرل سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں نئی حلقہ بندیاں سلامتی کونسل کے قراردادوں، عالمی قوانین اور خاص طور پر چوتھے جینوا کونشن کی خلاف ورزی ہے۔
جنرل سیکریٹریٹ نے انڈیا کی جانب سے غیر قانونی طور پر انتخابی حلقہ بندیوں کو ازسرنو ترتیب دینے، خطے کی جغرافیائی تبدیلی اور کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جموں اور کشمیر کے تنازعے پر دیرینہ اور اصولی موقف اور اسلامی سربراہی اجلاس اور او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل سیکریٹریٹ نے جموں اور کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے اصولی موقف سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق جنرل سیکریٹریٹ نے عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں حلقہ بندیوں کی صورتحال کا نوٹس لے۔

شیئر: