Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی 9بڑی کمپنیوں کو خسارہ

ریاض - - - - - سعودی عرب کی 9بڑی کمپنیوں کو حصص مارکیٹ سے باہر ہونے کا خطرہ لاحق ہے ۔ ان کمپنیوں پر مجموعی طور پر 6.54بلین ریال کا خسارہ ہے ۔ یہ کمپنیاں آئندہ2 ہفتوں میں اپنا مالی خسارہ پورا نہیں کرتیں تو انہیں حصص مارکیٹ سے باہر کر دیا جائیگا۔الاقتصادیہ کی رپورٹ کے مطابق حصص مارکیٹ میں خسارے سے دوچار ہونیوالی 5کمپنیوں نے اپنے مالی معاملات درست کر لئے تھے ۔ جن کمپنیوں کو حصص مارکیٹ سے باہر نکالنے کا خدشہ لاحق ہے ان میں سے 4کا تعلق انشورنس کے شعبے سے ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ الاہلیہ انشورنس کمپنی ، امانہ انشورنس کمپنی ،ملاذ انشورنس کمپنی اور سولیڈرٹی انشورنس کمپنی کے علاوہ اتصالات کے شعبے میں کام کرنیوالی گو کمپنی نے آئندہ 2ہفتے کے دوران اپنے مالی معاملات درست کر کے خسارے کا حجم پورا نہیں کیا تو حصص مارکیٹ سے باہر کیا جائے گا ۔ حصص مارکیٹ بورڈ اور وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے ان کمپنیوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ ان کمپنیوں کے اصل زر سے نصف سے زیادہ خسارہ ہوگیا ہے ۔ وزارت نے خسارے کا حجم کم کرنے کیلئے یکم مئی تک مہلت دے رکھی ہے ۔ باہر کی جانیوالی کمپنیوں میں انشورنس اور اتصالات کے علاوہ سرمایہ کاری ،غذائی مواد اور نشرو اشاعت کے شعبے سے تعلق ہے ۔ خسارے سے دوچار ہونیوالی 4کمپنیاں ایسی ہیں جن کا خسارہ ان کے اصل زر سے تجاوز کر گیا ہے ۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی ضوابط کے تحت جن کمپنیوں کا خسارہ اصل زر کے نصف ہو جائے تو انہیں اپنے مالی معاملات درست کرنے کیلئے ایک سال کی مہلت دی جائے گی جن کمپنیوں کو انتباہ جاری کیا ہے ان کو دی جانیوالی مہلت یکم مئی کو ختم ہو جائے گی ۔ ایسی صورت میں خطرے سے دوچار ہونے والی کمپنیوں کے پاس ایک حل یہ ہے کہ وہ اپنا خسارہ پورا کریں اور دوسرا حل یہ ہے کہ وہ اپنے اصل زر میں اضافہ کریں ۔

شیئر: