Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی کے ڈرونز کی آذربائیجان ایئر شو میں نمائش

ترکی کے ڈرونز نے سب سے پہلے 2019 میں توجہ حاصل کی تھی۔ فوٹو عرب نیوز
یوکرین میں روسی افواج کے خلاف استعمال کیے جانے والے ترک ڈرونز آذربائیجان میں رواں ہفتے ہونے والے ایئرشو میں دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اے ایف پی نیوزایجنسی کے مطابق آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شروع ہونے والے ایروسپیس اور ٹیکنالوجی فیسٹیول' ٹیکنو فیسٹ' میں ترکی اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کی نمائش کر رہا ہے جس میں بجلی کی رفتار سے ہوا میں تیرنے والے ڈرونز نمایاں ہیں۔

آذربائیجان کے ایوی ایشن فیسٹیول میں TB-2ڈرون کی نمائش پر خوشی کا اظہار کیا۔ فوٹو روئٹرز

ترکی کےTB-2 ڈرونز کو ایروسپیس کمپنی بایکر ڈیفنس کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کمپنی میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے داماد سیلکوک بائراکٹرچیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔
چیف ٹیکنالوجی آفیسر نے آذربائیجان کی فضائیہ کے مگ 29 طیارے میں سوار ہو کر باکو کے اوپر سے گذشتہ روز بدھ کو پرواز بھی کی جب کہ ان کی کمپنی کا اکینچی نامی ڈرون اس پرواز کے ساتھ تھا۔
ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں جنگی طیارے کی کمان سیلکوک بائراکٹر کو کرتے دکھایا گیا ہے جو پائلٹ کی یونیفارم میں ہیں اور ترکی اور آذربائیجان کے پرچم آویزاں ہیں۔
اس پرواز کے بعد سیلکوک بائراکٹر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  بتایا کہ یہ میرے بچپن کا خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے۔

چیف ٹیکنالوجی آفیسر نے آذربائیجان کی فضائیہ کے مگ 29 طیارے میں پرواز کی۔ فوٹو روئٹرز

واضح رہے کہ ترکی کے ڈرونز نے سب سے پہلے 2019 میں توجہ حاصل کی تھی جب لیبیا میں جنگ کے دوران یہ ڈرونز طرابلس میں حکومت کے خلاف باغی کمانڈر جنرل خلیفہ حفتر کی پیش قدمی ناکام بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
اس کے بعد اگلے سال اس ڈرون کو دوبارہ عمل میں لایا گیا جب ترکی کی حمایت یافتہ آذربائیجان نے متنازعہ نگورنو کاراباخ علاقے میں علیحدگی پسند آرمینیائی افواج  سے اپنی زمین واپس حاصل کی ۔
آذربائیجان میں جاری ایوی ایشن فیسٹیول میں آنے والوں نے TB-2ڈرون کی نمائش کے دوران تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ یہ ڈرونز یوکرین میں روسی افواج کے خلاف  نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
 

شیئر: