Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں امارات کے تعاون سے تعمیر ہونے والے کارڈیالوجی ہسپتال کا افتتاح

ڈی جی ہیلتھ  کا کہنا ہے کہ ’انسٹیٹیوٹ میں کارڈیالوجی، کارڈیک سرجری،بچوں کی کارڈیالوجی، ریڈیالوجی، نیوکلیئر میڈیسن، پیتھالوجی اور ڈائیلاسز کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال نے کام شروع کر دیا ہے۔
ہسپتال کا افتتاح جمعے کو کمانڈر 12 کور کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کیا۔
ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر نور قاضی کے مطابق یہ بلوچستان بھر میں امراض قلب کا اپنی نوعیت کا پہلا ہسپتال ہے جس میں بائی پاس اور اوپن ہارٹ سرجری سمیت دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کے لیے جدید سہولیات فراہم ہوں گی۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نور قاضی نے بتایا کہ ’120 بستروں پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر پر تین ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔ منصوبے کے لیے دوست اور برادر ملک متحدہ عرب امارات کی حکومت نے مالی تعاون کیا ہے اور اسے پاکستان کی فوج نے دو سال کے قلیل عرصے میں تعمیر کیا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے صدر کے نام سے منسوب یہ منصوبہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا۔‘
ڈاکٹر نور قاضی کے مطابق ہسپتال کو پہلے مرحلے میں او پی ڈی کو فعال کردیا گیا ہے جس میں امراض کی تشخیص، تحقیق ، پیتھالوجی لیب، ای سی جی / ایکو ٹیسٹس، سٹی سکین اور ایم آر آئی کی سہولیات میسر ہوں گی۔
شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ تین ماہ بعد مریضوں کا داخلہ اور ایمرجنسی رومز کا آغاز کیا جائے گا جبکہ چھ ماہ بعد تیسرے مرحلے میں انجیوگرافی لیب، کارڈیک انجیو پلاسٹی، کارڈیک آپریشن تھیٹر، بائی پاس اور اوپن ہارٹ سرجری کا آغاز ہوگا جبکہ پیٹ سکین کارڈیک اور کینسر سے متعلق امراض کی تشخیص بھی کی جا سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ کو خودمختار طریقے سے بورڈ آف گورنرز کے ذریعے چلایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 161 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں مزید 201 افراد کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
ہسپتال کے حکام کے مطابق 11 ڈاکٹروں، 13 سٹاف نرسز اور 6 پیرا میڈیکس کو آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی راولپنڈی میں تربیت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں قائم 15 بنیادی مراکز صحت کو ابتدائی طور پر سیٹیلائٹ نظام کے ذریعے انسٹیٹیوٹ سے منسلک کیا جائے گا اس طرح  دیہی اور دور دراز علاقوں میں بھی عوام اس ہسپتال سے مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر یو اے ای حکومت کے گراں قدر تعاون اور پاکستان کی فوج کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات نے بلوچستان میں تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں بہت مدد کی ہے اور اس نئے منصوبے سے بلوچستان کی عوام کو صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔‘

شیئر: