Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز سے مقابلہ، ’اس بار میرے چھکے بھی دیکھیں گے‘

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا میچ آٹھ جون کو ملتان میں ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ اگرچہ گرمی بہت زیادہ ہے لیکن پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔
جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ’اپنی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں۔‘
گیند کی سپیڈ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ صرف سپیڈ سے کچھ نہیں ہوتا جب تک لائن، لنتھ اور سوئنگ نہ ہو۔
’لائن اور لنتھ نہ ہو تو فاسٹ بولرز کو بھی چھکے لگتے ہیں۔‘
ویسٹ انڈین ٹیم کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوئی ٹیم جب انٹرنیشنل میچ کے لیے بھیجی جاتی ہے تو وہ جونیئر یا کمزور نہیں ہوتی، اس لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔
ان کی ممکنہ کارکردگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ چاہتے تو یہی ہیں کہ تین میچوں میں 15،16 وکٹیں لیں اور بیسٹ بولر بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کاؤنٹی کرکٹ ایک اچھا تجربہ رہی اور آگے چل کر کام آئے گی۔
شاہین شاہ آفریدی کے مطابق ’یہ سیریز میرے لیے بہت اہم ہے، کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔‘
بیٹنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بار آپ میرے چھکے بھی دیکھیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے حسن علی اور حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے ساتھ اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے، ان کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے اچھا محسوس کرتا ہوں۔
جب ملتان میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے جس طرح لاہور، راولپنڈی میں شائقین نے سپورٹ کیا اسی طرح ملتان میں بھی کریں گے۔

سیریز کے دوران پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچ ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)

ٹیم کی جانب سے کوئی خاص حکمت عملی اپنائے جانے کے سوال پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے بیٹنگ کر لی تو ہم بولنگ کر لیں گے۔
وکٹ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر اچھی وکٹیں بنیں گی تو ہم کو بھی مزہ آئے گا۔
’ہماری کوشش ہو گی کہ ٹیم کو 250 سے نیچے آؤٹ کر لیں۔‘
پاکستان میں ایک کے بعد ایک فاسٹ بولر سامنے آنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس فاسٹ بولنگ میں بہت سے لیجنڈز موجود ہیں اور ان کو دیکھ کر نوجوان بولر ان کی طرح بننے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
پاکستانی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، افتخار احمد، محمد حارث، امام الحق، محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود اور شاہنواز دھانی شامل ہیں
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ جون کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، اس دوران تین میچ کھیلے جائیں گے اور پہلا میچ آٹھ جون کو ملتان میں ہو گا۔

شیئر: