Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین کی ٹویٹ اور سرفراز کی جوابی ٹویٹ، ’جا تجھے معاف کیا دل توڑنے والے‘

شاہین آفریدی اور سرفراز احمد کے درمیان چند روز قبل میچ کے دوران تلخ کلامی ہوگئی تھی (فوٹو: سکرین گریب)
چند روز قبل پی ایس ایل 6 کے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے اس عمل پر مختلف قسم کا ردعمل دیکھنے میں آیا جس کے بعد جمعرات کو شاہین شاہ آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرفراز احمد کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام جاری کیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے پیغام میں لکھا کہ ’سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں۔ وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔ اُس روز میچ میں جو کچھ بھی ہوا وہ اُس لمحے کی گرمی تھی۔‘
انہوں نے سینیئرز کی عزت کرنے کے بارے میں لکھا کہ ’مجھے ہمیشہ ان کے احترام میں خاموش رہنا چاہیے۔‘
’میں ہمیشہ اپنے سینیئر کھلاڑیوں کی عزت کرتا ہوں اور اُن کے لیے دعا گو رہتا ہوں۔ سرفراز بھائی کے لیے نیک تمنائیں۔‘
اس ٹویٹ میں شاہین شاہ آفریدی نے سرفراز احمد کے ٹوئٹر ہینڈل کو بھی مینشن کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کی ٹویٹ کے جواب میں سرفراز احمد نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سب ٹھیک ہے بھائی۔ جو کچھ کھیل کے میدان میں ہوا اُسے وہیں رہنا چاہیے۔‘
’آپ پاکستان کے ستارے بھی ہیں۔ اللہ آپ کو مزید کامیابی دیں۔ آپ میرے چھوٹے بھائی ہیں۔ آل از ویل۔‘
شاہین شاہ آفریدی کی ٹویٹ اور پھر سرفراز احمد کی جوابی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا۔
صارف شفقت لکھتے ہیں کہ ’غلطی صرف شاہین کی نہیں ہے پھر بھی انہوں نے معذرت کی ہے تو بات اب یہیں ختم کر دینی چاہیے۔‘

’ویسے بھی پی ایس ایل کو مزے دار بنائے رکھنے کے لیے تھوڑی بہت نوک جھونک تو چلتی رہنی چاہیے اور شائقین کو بھی ذرا کم تیل چھڑکنا چاہیے، کھلاڑی آپس میں بہت اچھے دوست بھی ہوتے ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف کمیل سلطان زیدی نے پیغام پر کچھ یوں تبصرہ کیا کہ ’جا تجھے معاف کیا دل کو توڑنے والے۔ آئندہ ایسا نہ کریں اور عامر سے بھی دور رہنا۔‘

ٹوئٹر صارف بابر خان لکھتے ہیں کہ ’معافی مانگنے والا کبھی چھوٹا نہیں ہوتا۔۔ شاباش شاہین ایک سپر سٹار کو ایسا ہی ہونا چاہیے، غلطی پر اکڑ انسان کو خراب کردیتی ہے۔‘
کرم الہٰی گوندل سرفراز احمد کی ٹویٹ کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’سرفراز صاحب نے بڑے پن اور کھلے دل کا مظاہرہ کیا.... بلاشبہ وہ سر فراز ہی رہیں گے۔‘

شیئر: