Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خرابی صحت، تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود عہدے سے مستعفی

شفقت محمود سنہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ فوٹو: عمران خان فیس بک پیج
تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جمعے کی رات ایک ٹویٹ میں شفقت محمود نے کہا کہ اس عہدے پر کام کرنا باعث فخر و تکریم رہا اور وہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے یہ موقع دیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ ان کی سرجری اور روبہ صحت ہونے کے باعث یہ تبدیلی کا وقت ہے۔ ’صوبے میں پارٹی کے نئے صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور پارٹی کے لیے کسی بھی حیثیت میں خدمات جاری رکھوں گا۔‘
شفقت محمود سنہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 
واضح رہے کہ لانگ مارچ کے دوران پنجاب سے بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکالنے میں ناکامی کا ذمہ دار پنجاب کے صدر شفقت محمود کو قرار دیا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے لانگ مارچ کے بعد وسطی اور جنوبی پنجاب کے صدور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا تاہم پارٹی کے اندرونی اختلافات سامنے آنے کے باعث اعلان تاخیر کا شکار ہوا۔ 
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے صدر شفقت محمود طبیعت کی خرابی کے باعث ہی مستعفی ہوئے ہیں۔ 
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ 'پارٹی کی جانب سے شفقت محمود پر کوئی دباؤ نہیں تھا نہ ہی چیئرمین کی جانب سے لانگ مارچ کے دوران پنجاب کی قیادت کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'شفقت محمود گزشتہ کئی دنوں سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے خود یہ اہم ذمہ داری چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
خیال رہے کہ شفقت محمود کے مستعفی ہونے سے قبل ہی چیئرمین تحریک انصاف نے پنجاب میں عوامی رابطوں اور ضمنی انتخابات سے متعلق امور کی ذمہ داریاں شاہ محمود قریشی کو سونپ دی تھی۔

شفقت محمود کے مطابق وہ صحت کی خرابی کے باعث عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک پیج

 ذرائع کے مطابق شفقت محمود کے استعفے کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر پنجاب میں پارٹی امور کی اضافی ذمہ داریاں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سونپنے کے اعلان کا امکان ہے تاہم سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کے مطابق تاحال پنجاب کی صدارت کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا۔ 
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت کے امیدوار ہیں۔

شیئر: