’کرم ایک ماں ہے‘، امن کا پیغام دینے والا مجسمہ شرپسندوں کے نشانے پر
’کرم ایک ماں ہے‘، امن کا پیغام دینے والا مجسمہ شرپسندوں کے نشانے پر
بدھ 17 دسمبر 2025 13:43
فیاض خان، اردو نیوز - پشاور
ماں کے نام سے سنڑل پاڑا چنار بازار میں نصب مجسمے کو دو روز نقصان پہنچایا گیا: فوٹو ذوالفقار علی
صوبہ خیبرپختونخوا کا ضلع کرم گذشتہ ایک برس سے بدامنی کی شدید لپیٹ میں ہے جس کے باعث آئے روز شاہراہیں بند رہتی ہیں جبکہ تجارتی اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہیں۔
ان نامساعد حالات میں ضلع کرم کے شہریوں کو محبت اور امن کا پیغام پہنچانے کے لیے ایک منفرد مجسمہ ’کرم ایک ماں ہے‘ کے نام سے تخلیق کیا گیا۔
اس مجسمے کو ماں کا روپ دیا گیا ہے جس کی گود میں شفقت اور محبت کی جھلک نمایاں ہے۔
مقامی شہریوں نے مجسمے کو مرکزی چوک پر نصب کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ’یہ محض ایک مجسمہ نہیں بلکہ یہ کرم کے شہریوں کی ترجمانی کرتا ہے۔‘
مقامی شہری جعفر علی بنگش نے بتایا کہ ’مجسمے کے ذریعے وہ پیغام دیا گیا جسے لفظوں میں بیاں کرنا مشکل ہے۔ اس مجسمے میں ماں کی عکاسی ہے جو خاموشی سے سب کچھ سہہ لیتی ہے مگر کبھی گلہ نہیں کرتی اور حالات جیسے بھی ہوں اپنے بچوں کو تنہا نہیں چھوڑتی۔‘
جعفر علی بنگش کا کہنا تھا کہ ’کرم پر گزشتہ کئی برسوں سے بدامنی اور خوف کے سائے منڈلا رہے ہے مگر کرم کے لوگوں نے یہاں سے نقل مکانی نہیں کی اور نہ کریں گے۔ گزشتہ ایک سال سے حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔ لوگوں کا بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا لیکن ان کی اپنی دھرتی ماں سے محبت اور وفا پر کوئی فرق نہیں پڑا اور یہ مجسمہ بھی یہی پیغام دیتا ہے۔‘
کرم سے تعلق رکھنے والے سجاد حیدر کا کہنا ہے کہ ’مجسمے کا پیغام امن، ہم آہنگی، بھائی چارہ اور مامتا ہے جس طرح ماں کی نظر میں سارے بچے ایک جیسے ہوتے ہیں اسی طرح اس علاقے میں بسنے والے تمام شہری بلاتفریق ایک ہیں، بدامنی سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ اتحاد و اتفاق ہے۔‘
دوسری جانب کچھ شہریوں نے مجسمے کی بازار میں تنصیب پر تنقید کی۔ ان کی رائے ہے کہ ’مجسمہ بنانے سے امن قائم نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔‘
شہریوں کا کہنا ہے کہ ’شاہراہیں بند ہیں، بازار ویران پڑے ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں تو ایسے میں یہ تصور کرنا کہ مجسمے کی تنصیب سے حالات بہتر ہوں گے تو یہ محض خام خیالی ہی ہے۔‘
شہریوں کا کہنا ہے کہ ’حکومت کو چاہیے کہ حالات کو سازگار بنانے کے لیے شاہراہوں پر سے گزرنے والے قافلوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اس وقت سب سے اہم مطالبہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔‘
مسجمے پر نامعلوم افراد کا حملہ
ماں کے نام سے سینڑل پاڑا چنار بازار میں نصب مجسمے کو دو روز قبل نقصان پہنچایا گیا ہے۔
مقامی تاجروں کے مطابق مجسمے کے نچلے حصے کو نقصان پہنچایا گیا جس سے نو تعمیر شدہ مجسمے کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سزا دی جائے گی۔
مسجمہ کس نے تیار کیا؟
مقامی شہریوں نے مجسمے کو مرکزی چوک پر نصب کرنے کے اقدام کو سراہا تھا: فوٹو ذوالفقار علی
یہ مجسمہ کرم سے تعلق رکھنے والے ایک آرٹسٹ سید قیصر شاہ نے تخلیق کیا ہے۔ انہوں نے ایک مہینے سے زیادہ مدت میں اسے تعمیر کیا، تاہم اس کو نصب کرنے کا فیصلہ مقامی انتظامیہ کا تھا۔
اپر کرم کے تحصیل مئیر مزمل حسین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’مجسمے میں کرم کو ایک ماں کی مانند پیش کیا گیا ہے جس کا مطلب محبت و امن ہے۔ یہ مجسمہ سرکاری سطح پر تیار کیا گیا تھا جسے نصب کرنے کی منظوری ضلعی انتظامیہ نے دی تھی اور اس حوالے سے باقاعدہ ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔‘
تحصیل مئیر مزمل حسین کے مطابق ٹی ایم اے کے انجینیئرز اس پورے منصوبے میں شامل تھے جبکہ بطور تحصیل مئیر میں خود اس منصوبے کی نگرانی کر رہا تھا۔‘
انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دو مزید مجسموں کی منظوری ہوئی تھی جن کی تخلیق کا مقصد خواتین کی تعلیم کا پیغام دینا ہے۔‘
شہریوں کے مطابق مجسمے کی منظوری سے لیکر تیاری اور نصب کرنے تک سب ٹھیک چل رہا تھا مگر اچانک دو روز قبل نامعلوم لوگوں نے مجسمے پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ پارا چنار میں دو شہریوں کی مسخ شدہ لاشیں ملنے کے بعد حالات ایک بار پھر کشیدہ ہیں اور گزشتہ پانچ دنوں سے شاہراہیں بند اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔