Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہفتے میں ڈھائی چھٹیاں‘ خواجہ آصف کا تیل، بجلی بچانے کا نیا فارمولا

خواجہ آصف کے مطابق ہفتے میں ساڑھے چار دن کام سے پیٹرول اور بجلی کی بچت ہو گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے تیل اور بجلی کی بچت کے لیے تجویز دی ہے کہ ہفتہ وار چھٹیاں دو کے بجائے ڈھائی کر دی جائیں جبکہ کام کا دورانیہ ایک گھنٹہ بڑھا دیا جائے۔
پیر کو ٹویٹ بیان میں انہوں نے کہا ’موجودہ حالات میں سارے ملک میں ہفتے میں ہفتہ، اتوار پوری تعطیل اور جمعے کو آدھا دن، یعنی ہفتے میں ساڑھے چار دن کام ہو۔‘
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ’کام کے دنوں میں دفاتر کا ایک گھنٹہ بڑھا دیا جائے۔ (اس سے) سڑکوں پر ٹریفک کم ہو گی۔ تیل اور بجلی دونوں کی بچت ہو گئی اور کفایت شعاری کے کلچر کو فروغ ملے گا۔‘
خیال رہے کہ ان دنوں ملک میں تیل اور بجلی کے حوالے سے صورت حال بہتر نہیں ہے۔ حکومت نے ایک ہفتے کے دوران دو بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں اور اس وقت تیل پیٹرولیم مصنوعات کا نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے جبکہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح شدید گرمی کے باعث بجلی کی مانگ بڑھی ہے تاہم پیداوار کم ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

شیئر: