Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کی متعدد کچی بستیوں کے انہدام کے شیڈول میں تبدیلی

المنتزھات محلے میں نوٹس 23 جولائی کو دیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں کچی بستیوں کے انہدام اور تعمیرنو کی کمیٹی نے المنتزھات، قویزہ، العدل، الفضل، ام السلم، کیلو 14 شمالی محلوں کے انہدام کا شیڈول تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ’جدہ کے ان محلوں میں آباد افراد کو عمارتیں خالی کرنے اور ان کی بنیادی سہولتیں ختم کرنے کی تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔‘
کمیٹی نے بیان میں کہا کہ’ جدہ کے بعض محلوں کے حوالے سے نیا شیڈول تیار کیا گیا ہے‘۔
المنتزھات محلے کے رہائشیوں کو عمارتیں خالی کرنے کی اطلاع 23 جولائی 2022 کو دی جائے گی جبکہ بجلی، پانی، ٹیلیفون اور دیگر سہولتیں چھ اگست سے ختم کی جائیں گی۔ اس علاقے میں 22 اگست کو انہدام کی کارروائی شروع ہوگی اور 12 ستمبر تک مکمل کرلی جائے گی۔ عمارتوں کا تمام ملبہ 12 دسمبر تک اٹھا لیا جائے گا۔ 
قویزہ کے باشندوں کو عمارتیں خالی کرنے کی اطلاع 14 اگست اورسہولتیں ختم کرنے کی شروعات 28 اگست سے ہوگی۔ عمارتوں کے انہدام کی کارروائی 4 ستمبر کو ہوگی اور یہ کام 14 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ 14 دسمبر تک سارا ملبہ اٹھالیا جائے گا۔
العدل اور الفضل محلوں میں عمارتیں خالی کرنے کی تاریخ 27 اگست کو دی جائے گی اور10 ستمبر سے وہاں مہیا سہولتیں ختم کرنے کا آغاز ہوگا۔ یکم اکتوبر سے انہدام کی کارروائی شروع کی جائے گی جو 22 اکتوبر کو مکمل  ہوگی جبکہ 22 جنوری 2023 تک سارا ملبہ صاف کردیا جائے گا۔
ام السلم اور کلو 14 شمالی  کے محلوں کے رہائشیوں کو 17 ستمبرکو عمارتیں خالی کرنے کا نوٹس ملے گا۔ یکم اکتوبر کو بجلی، پانی وغیرہ کی سہولتیں ختم کی جائیں گی۔ انہدام کی شروعات 15 اکتوبرسے ہوگی اور 29 اکتوبر کو کارروائی مکمل کرلی جائے گی جبکہ 29 جنوری 2023 تک سارا ملبہ اٹھالیا جائے گا۔

شیئر: