Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پیٹرول 24 روپے اور ڈیزل 59 روپے فی لیٹر مزید مہنگا

مفتاح اسماعیل کے مطابق ’پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول 24 روپے 3 پیسے جبکہ ڈیزل 59 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بدھ کو رات گئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ’پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 89 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 263 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔‘
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ ’اس وقت ہم فی لیٹر پیٹرول پر 24 روپے تین پیسے جبکہ ڈیزل میں 67 روپے کا نقصان کر رہے ہیں۔ حکومت نے اس نقصان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل ہے۔‘
’عمران خان نے جان بوجھ کر پیٹرول کی قیمت کم رکھی۔ انہوں نے جو معاہدے کیے اس سے انہوں نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں۔‘
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’یہ عمران خان نے اگلی حکومت کے لیے ٹریپ چھوڑا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ان پر سبسڈی ختم ہوگئی ہے۔‘
’اب ہمارے درآمدی بل پر اثر پڑ رہا ہے اس لیے کچھ نہ کچھ اقدام لینا پڑ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ’ہم 80 لاکھ غریب پاکستانیوں کو ماہانہ دو ہزار روپے دے رہے ہیں۔ ہم اس طرح 8 کروڑ 50 لاکھ افراد کا مداوا کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

شیئر: