Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ڈاکٹر کے اخلاق و قابلیت نے اہل قریہ کو اپنا گرویدہ بنالیا

جازان ( نیوز ڈیسک ) پاکستانی ڈاکٹر کے حسن خلق نے قصبے والوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا ۔ ڈاکٹر کا تبادلہ روکنے کیلئے قصبے کے بزرگوں نے ادارہ امور صحت کو درخواست بھیج دی ۔ سبق نیوز کے مطابق جازان ریجن کے قصبے رمادۃ خلب میں وزارت صحت کے ذیلی اسپتال میں گزشتہ 18 برس سے متعین پاکستانی ڈاکٹر عبدالمنعم کے تبادلے کے احکامات موصول ہوئے جس پر انہو ں نے عمل کرتے ہوئے اہل قریہ سے الوداعی ملاقات کی تاکہ نئے مقام پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں ۔ جو نہی گاؤں والوں نے ڈاکٹر عبدالمنعم کے بارے میں سنا کہ وزرات صحت نے انکا تبادلہ دوسری جگہ کر دیا ہے تو فوری طور پر گاؤں کے سرکردہ افراد کا وفد ریجنل ادارے صحت کے دفتر پہنچا جہاں انہوں نے اجتماعی طور پر تحریری درخواست دی کہ ڈاکٹر عبدالمنعم کا تبادلہ روک دیا جائے ۔ درخواست میں،جس میں قصبے کے 20 سے زائد معمر اور معتبر افراد کے دستخط کئے تھے مزید لکھا گیا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹر انتہائی اعلیٰ اخلاق و کردار کے حامل انسان ہیں۔ وہ ہمارے بزرگوں کے امراض کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر انتہائی قابل اور بہترین شخصیت کے مالک ہیں جس کی وجہ سے ہمیں بہت آسانی ہو تی ہے۔ درخواست میں مزید لکھا گیا تھا کہ ڈاکٹر کے تبادلے سے قصبے کے معمرافراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ڈاکٹر عبدالمنعم کافی عرصہ سے گاؤں میں ہیں جن سے ہر شخص نہ صرف اچھی طرح واقف ہے بلکہ انکی قدر و منزلت ہمارے دلو ں میں قائم ہے ۔ اس ضمن میں ادارہ امور صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اہل علاقہ کی خدمت ہے او رجو درخواست گاؤں والوں کی جانب سے موصول ہوئی ہے اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا۔ ہماری کوشش ہے کہ اہل علاقہ کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر سکیں ۔

شیئر: