Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر لیاقت کی سابق اہلیہ دانیہ کے خلاف درخواست، ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس

سماجی تنظیم نے دانیہ شاہ کے خلاف سیشن عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
کراچی کی ایک عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابق اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کی درخواست کی سماعت کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر سمیت فریقین کو نوٹس جاری کیا ہے۔
منگل کو دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی میں ہوئی۔
عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 جولائی تک جواب طلب کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ سماجی تنظیم نے دانیہ شاہ کے خلاف سیشن عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ ’دانیہ نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔ ایف آئی اے سائبر کرائم دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کرے۔‘
’دانیہ شاہ نے پوری دنیا میں پاکستان کی عورتوں کی عزت مجروح کی ہے۔‘ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دانیہ کی حرکت کی وجہ سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے۔ معمولی تنازع پر شوہر کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کی سزا دانیہ ملنی چاہیے۔‘
یاد رہے کہ معروف ٹی وین اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین 9 جون کو اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جبکہ ہسپتال پہنچنے پر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عامر لیاقت حسین کے ورثا کی جانب سے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی درخواست پر ان کی آخری رسومات بھی تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔
عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی تھی لیکن شادی کے تین ماہ بعد ہی دانیہ شاہ نے علیحدگی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی نجی زندگی سے متعلق کچھ ویڈیوز وائرل ہوئیں جس سے وہ کافی دلبرداشتہ تھے۔ انہی دنوں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ملک چھوڑنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

شیئر: