Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مصر کے درمیان 7.7 ارب ڈالر کے 14 معاہدے 

جدت پذیر توانائی، پٹرول، بنیادی ڈھانچہ اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے شامل ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ’ مصر اور سعودی عرب نے 7.7 ارب ڈالر (29 ارب ریال سے زیادہ) مالیت کے 14 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔‘
الشرق الاوسط کے مطابق دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے کیے ہیں۔ ان میں جدت پذیر توانائی، پٹرول، بنیادی ڈھانچہ اور سائبر سیکیورٹی شامل ہیں۔
معاہدوں پر دستخط سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ مصر کے موقع پر کیے گئےہیں۔
ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا کہ’ سعودی عرب کی 6 ہزار سے زیادہ کمپنیاں مصر میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2021 کے دوران تجارتی لین دین 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ 85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
مصراور سعودی عرب کے درمیان معاہدے سعودی مصری کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں میں توسیع، سرمایہ کاریوں میں اضافے، باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ 
وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا کہ ’مصر کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات برادرانہ اور گہرے ہیں۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں‘۔ 

شیئر: