Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر کی ملاقات، باضابطہ مذاکرات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے دونوں ملکوں کے وفود کی موجودگی میں منگل کو قاہرہ میں وسیع البنیاد مذاکرات کیے ہیں۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے الاتحادیہ محل میں ون ٹو ون ملاقات کی۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں رہنماوں نے مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور مصر کے درمیان تعلقات کے فروغ کے طریقوں، مشترکہ دلچسپی کےعلاقائی اور بین الاقوامی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مصری ایوان صدارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’مذاکرات قاہرہ اور ریاض کے درمیان گہرے اور تاریخی سٹریٹجک شراکت داری کے دائرہ کار میں ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے مفاد کے لیے ایک متفقہ وژن کے ساتھ سلامتی، استحکام، ترقی اور امن کا حصول ہے‘۔
الاخباریہ چینل کے مطابق ولی شہزادہ محمد بن سلمان کا  مصری دارالحکومت قاہرہ کے الاتحادیہ محل میں پرتپاک سرکاری خیرمقدم کیا گیا۔
 الاتحادیہ محل میں سعودی ولی عہد کو مکمل سرکاری پروٹوکول اورگارڈ آف آنر دیا گیا۔ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ 
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد مصر کے دو روزہ سرکاری دورے پر پیر رات جدہ سے قاہرہ پہنچے تھے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ ایئرپورٹ پران کا خیر مقدم کیا تھا۔
قبل ازیں سعودی ایوان شاہی نے بیان میں کہا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصر، اردن اور ترکی کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط اور تینوں ملکوں کے ساتھ رابطے مستحکم ہوں۔‘
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور مصر کے درمیان تعلقات مضبوط رہے ہیں جو عرب دنیا کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ دونوں ملک تاریخی طور پر ایکدوسرے کو خطے کا اہم اتحادی مانتے رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گزشتہ پانچ برسوں کے دوران چوتھیمرتبہ مصر کے دورے پر پہنچے ہیں۔
سعودی عرب نے 2020 میں جزیرہ نمائے سینا میں کنگ سلمان انٹرنیشنل یونیورسٹی قائم کی ہے۔ یہ دونوں ملکوں کے تعلقات کوعروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے خصوصا جزیرہ نما سینا کے فروغ کے لیے کھولی گئی ہے۔ یونیورسٹی کی الطور راس سدر اور شرم الشیخ میں برانچیں بھی قائم ہیں۔

شیئر: