شہری ہوابازی کے شعبے میں چار ہزار سعودیوں کو ملازمت کی فراہمی کےلیے اقدامات
السعودیہ دیگر اسامیوں پر بھی سعودائزیشن کی شرح پوری کرے گی( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ہوابازی کے پیشے سعودیوں کے لیے مختص کرنے کا مقصد چار ہزار سے زیادہ مقامی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے'
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق السعودیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ابراہیم العمر نے کہا کہ’ السعودیہ سعودی وژن 2030 کے مطابق ہوابازی کے شعبے میں ہونے والی تبدیلی کے ساتھ چل رہی ہے‘۔
’السعودیہ نے نئے فیصلے کے حوالے سے سعودائزیشن کا ہدف سو فیصد پورا کیا ہے۔ آئندہ مقررہ مدت سے قبل دیگر اسامیوں پر بھی مقررہ شرح پوری کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’افرادی قوت فروغ پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہمارا مشن ہے۔ شہری ہوابازی کی مختلف اسامیوں پر چار ہزار سے زیادہ سعودیوں کو روزگار فراہم کرنےکے لیے اقدامات کیے جائیں گے‘۔
انجینیئر ابراہیم العمر نے بتایا کہ’ سعودائزیشن کے حوالے سے وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی اور وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر کی کوششیں قابل تعریف ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں‘۔
السعودیہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ’السعودیہ گروپ کے تحت دو فضائی کمپنیاں آتی ہیں ان میں ایک سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) اور دوسری فلائی اے ڈیل (ادیل) ہے‘۔
السعودیہ 2022 سے کو پائلٹ کے پیشے کی سو فیصد سعودائزیشن کرچکی ہے جبکہ پائلٹ میں سعودیوں کی شرح 85 فیصد ہوچکی ہے۔ اس سے قبل ایئرہوسٹس (مرد) اور ایئر ٹرانسپورٹ کے پیشے کی سو فیصد سعودائزیشن کی جاچکی ہے۔
السعودیہ گروپ چالیس سعودیوں کو ادیل ایئرمیں کو پائلٹ کی اسامیوں پر تعینات کرانے کے لیے ایمرجنسی ٹریننگ پروگرام کرا رہی ہے۔ توقع ہے کہ 64 فیصد تک کی سعودائزیشن کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔