Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ روٹ: ’بنگلہ دیشی عازمین کو کسی دشوری کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘

بنگلہ دیشی وزیر شہری ہوا بازی نے منصوبے کو بہترین اقدام قرار دیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
بنگلہ دیش کے وزیر شہری ہوا بازی وسیاحت محبوب علی نے مکہ روٹ‘ منصوبے کو سراہتے ہوئے اسے بہترین اقدام قرار دیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بنگلہ دیشی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ’مکہ روٹ‘ منصوبے سے عازمین حج کو بہت سہولت ہوئی ہے۔  
انہوں نے کہا ’عازمین حج کے امیگریشن کے معاملات ان کے ملک میں ہی نمٹا دیے جاتے ہیں جس سےعازمین کو مملکت پہنچنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ منصوبے سے عازمین کی بہتر انداز میں خدمت ہوتی ہے۔‘
وزیر شہری ہوا بازی نے مزید کہا کہ ’مکہ روٹ‘ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے حجاج کو فراہم کی جانے والی  بہترین خدمات میں سے ایک منفرد و نمایاں منصوبہ ہے۔ اس سے بنگلہ دیشی عازمین حج کو سہولت ہوئی۔ 
انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی خصوصی توجہ اور ہدایات کے تحت عازمین کی مثالی خدمت کی جاتی ہے۔ 
واضح رہے عازمین حج کے لیے سعودی عرب کا منصوبہ ’مکہ روٹ‘ ایک مثالی پروگرام ہے جس سے بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو سہولت ہوتی ہے۔
منصوبے کے تحت عازمین کے امیگریشن کے معاملات ان کے ملک میں ہی مکمل کرلیے جاتے ہیں۔ مملکت آنے کے بعد عازمین ایئرپورٹ سے سامان کا انتظار کیے بغیر براہ راست رہائشی عمارتوں میں چلے جاتے ہیں جہاں ان کا سامان انہیں فراہم کر دیا جاتا ہے۔ 
اس سال پاکستان سمیت پانچ ممالک کے لیے ’مکہ روٹ‘ منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس میں بنگلہ دیش بھی شامل ہے۔ 

شیئر: