Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گانے چرانا بند کریں،‘ ابرار الحق نے برطانوی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی

انڈین فلم ’جگ جگ جیو‘ میں پاکستانی گانا ’نچ پنجابن‘ کا ریمکس شامل کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: فیس بک)
پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے برطانوی بھنگڑا ریکارڈنگ کمپنی مووی باکس کے خلاف ’نچ پنجابن‘ گانے کے حقوق انڈین کمپنی ٹی سیریز کو بیچنے کے حوالے سے قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔
اتوار کو ایک ٹویٹ میں ابرار الحق نے کہا ہے ’برطانیہ میں میرے وکلاء نے مووی باکس کو میرے گانے نچ پنجابن کے غلط استعمال کے حوالے سے قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اپنے پرستاروں کو کیس کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں گے۔
پاکستانی گلوکار نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا ’ہمارے گانے چرانا بند کرو۔‘
خیال رہے انڈین فلمساز کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ میں پاکستانی گانا ’نچ پنجابن‘ کا ریمکس شامل کیا گیا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انڈین اداکار ورن دھون نے ابرار الحق کے بارے میں مثبت بیان دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ورن دھون کا کہنا تھا کہ ’میں ابرار جی کو یہ کہنا چاہوں گا کہ انھوں نے اوریجنل گانا بہت اچھا گایا تھا۔ یہ بہت اچھا اور شاندار ہے۔ ہم نے اسے بہت پسند کیا، ہماری میوزک کمپنی نے حقوق خریدے اور اب یہ گانا بہت چل رہا ہے۔‘
سنہ 2002 میں ریلیز ہونے والے گانے ’نچ پنجابن‘کے یوٹیوب پر جملہ حقوق برطانوی بھنگڑا ریکارڈنگ کمپنی مووی باکس کے پاس تھے۔
ابرار الحق اس سے پہلے واضح کہہ چکے ہیں کہ انھوں نے انڈین کمپنی ٹی سیریز کو یہ گانا نہیں بیچا ہے۔
ابرارالحق کا کہنا ہے کہ مووی باکس نے ان کی اجازت کے بغیر یہ گانا ٹی سیریز کو بیچا ہے۔

شیئر: