Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شامی خاتون کا حج کے لیے مملکت آمد پرجوش خیرمقدم، ویڈیو وائرل

استقبالیہ پروگرام بے ساختہ تھا۔ (فوٹو العربیہ)
 فریضہ حج کے لیے سعودی عرب پہنچنے پر شامی خاتون کے خیر مقدم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ سعودی صارفین بھی اس میں غیر معمولی دلچسپی لے رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق  شامی خاتون عائدہ القادری جو ام محمود کے نام سے معروف ہیں۔ اپنے خاندان سے 12 سال سے زیادہ عرصے سے دور تھیں۔ سعودی عرب پہنچنے پر ان کے بھتیجے اور رشتہ داروں نے حج کے حوالے سے خیرمقدمی گیت گا کر خوش آمدید کہا۔

مبارکباد کے نغمے گا کر خوش آمدید کہا گیا (فوٹو العربیہ)

شامی خاتون کے خیرمقدم کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ ان کا بھتیجا اور دیگر رشتہ دار خوش تھے اور انہوں نے اس کا اظہار بھرپور طریقے سے کیا۔ 
57 سالہ ام محمود کا کہنا ہے کہ ’میں حج پر نہیں آ سکتی تھی۔ ایک خیرپسند انسان نے مجھ سمیت تقریباً 180  شامیوں کے حج کا انتظام کیا ہے۔‘

استقبال کی ویڈیو سوشل  میڈیا پر وائرل ہے۔ (فوٹو العربیہ)

ام محمود نے بتایا کہ حج کے لیے میرا انتخاب میری دکھ بھری کہانی کی وجہ سے ہوا۔ میں ایک عرصے تک شامی حکومت کی جیل میں رہی۔ میرا شوہر اور ایک بیٹا ہلاک ہو چکے ہیں۔ 25 سالہ بڑا بیٹا محمود لاپتہ تھا۔ حال ہی میں جب شام کے نئے قانون قیصر کے تحت 55 ہزار قیدیوں کی تصاویر منظرعام پر آئیں تب  پتہ چلا کہ میرا بیٹا بھی ان میں سے ایک ہے۔ 
ام محمود نے کہا کہ میری خوشی کی کوئی حد نہیں۔ یہ ایسا خواب تھا جس کے شرمندہ تعبیر ہونے کی مجھے کوئی توقع نہیں تھی۔ خوش قسمتی سے حج کی بدولت اپنے ایک بھائی اور اس کے بیٹوں سے 12 برس بعد ملاقات نصیب ہوئی۔ 

’پھوپھو حجن سے مل کر ہماری صحیح معنوں میں عید ہوگئی۔‘ (فوٹو العربیہ)

ام محمود کے بھتیجے علاؤ الدین قادری نے بتایا کہ  اپنی پھوپھی سے رابطے میں تھے۔ بعض افراد کی مدد سے انہوں نے اپنی اطلاع ہم تک بھجوا دی۔ جیسے ہی ملاقات ہوئی ہماری خوشی کی کوئی حد نہ رہی۔ موقع پر موجود سعودی بھائیوں نے جب ہمیں اس انداز سے خوش ہوتے دیکھا تو وہ بھی برادرانہ محبت کےجذبے سے ہماری خوشی میں شامل ہو گئے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: