Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا کے دوران صحت خدمات میں ڈیجیٹل تبدیلی

سروس ایپس سے مریضوں کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔ فوٹو عرب نیوز
عالمی پیمانے پر پھیلنے والے کورونا کے وبائی مرض نے نادانستہ طور پر سعودی عرب کے پبلک ہیلتھ کیئر سیکٹرمیں ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے تقویت فراہم کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا کی وبا پھیلنے سے مملکت کی صحت کی خدمات پر پڑنے والے دباؤ نے مزید مضبوط انٹرنیٹ ایپس کی ضرورت کو اجاگر کیا جس میں کورونا ویکسینیشن کے لیے بکنگ پلیٹ فارم اور مریضوں کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنا شامل ہے۔

ایپس کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کے اداروں میں جدت کو فروغ دینا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس کے مثبت نتائج کے پیش نظر سعودی وزارت صحت مملکت کی 35 ملین سے زائد آبادی کے لیے VMware Cloud Foundation کے متعارف کرائے گئے سٹوریج  کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
وزارت اب ہسپتال، کلینک اور فارمیسی  کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بڑھانے، صحت عامہ کی دیکھ بھال  اور فراہم کی جانے والی خدمات  کو  محفوظ رکھنے کے لیے خدمات پیش کر سکتی ہے۔
صحت حکام نے وزارت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو VMware کلاؤڈ فاؤنڈیشن کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر ایس ٹی سی اور موبائلی سمیت مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں  کے ساتھ کام مزید آسان بنایا ہے۔

کورونا میں صحت خدمات پر پڑنے والے دباؤ نے ایپس کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ فوٹو ٹوئٹر

وزارت کے انفارمیشن سیکیورٹی کے جنرل ڈائریکٹر خالد المدبل نے کہا ہے کہ  وزارت صحت سعودی وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق صحت کی دیکھ بھال میں اعلیٰ ترین سطح حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
جس کا مقصد اس شعبے میں کارکردگی  بڑھانا اور مملکت میں صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے اداروں میں جدت طرازی کو فروغ دینا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری  اس ڈیجیٹل تبدیلی کی بدولت صحت عامہ کے تمام فراہم کنندگان کو بہترین درجے کی کلاؤڈ سروسز تک رسائی حاصل ہوگی جو آپریشنز کو بہتر بنائے گی اور شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو صحت کی دیکھ بھال اور سہولتوں کی فراہمی کو فروغ دے گی۔
وزارت نے VMware کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹ، سٹوریج، نیٹ ورک، سیکیورٹی اور کلاؤڈ مینجمنٹ کے لیے انتہائی محفوظ سافٹ ویئر کی خدمات کے مکمل سیٹ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کی ہر سہولت کو ورچوئل انفراسٹرکچر اور سروس ایپس تک رسائی حاصل ہوگی جس سے مریضوں کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنے میں بھی  آسانی ہو گی۔
 

شیئر: