Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’آن لائن کلینک پروگرام کومزید وسعت دی جائے گی‘

ڈیجیٹل ہیلتھ سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
 سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ہیلتھ سعودی عرب کی پہلی ترجیح ہے۔ صحت خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلیے متعدد منصوبے شروع کیےہیں ۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر صحت نے اتوار کو ریاض میں ’ایچ آئی ایم ایس ایس‘ انٹرنیشنل ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس اور نمائش کے آن لائن افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا وزارت صحت نے ’موعد‘ ایپ شروع کی ہے ۔اس کے ذریعے مریض معائنے اور علاج کےلیے تاریخ اور وقت حاصل کر پاتے ہیں ۔
وزیر صحت نے ڈیجیٹل ہیلتھ پروگراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت  نے جو ایپ  متعارف کرائی ہے وہ آن لائن صحت نگہداشت کے حوالے سے بے حد موثر ہے ۔

وزارت صحت نے آن لائن دوائوں کی فراہمی کا نظام بھی رائج کیا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

کوئی بھی شخص ایپ کی مدد سے ڈاکٹر سے آن لائن رابطہ کر کےامور صحت کے حوالے سے مشورہ کرسکتا ہے ۔  
وزیر صحت نے کہا کہ ریاض میں منعقدہ ’ھمس‘ کانفرنس کے شرکا ڈیجیٹل ہیلتھ پر بھرپور بحث کریں گے جو جدید صحت خدمات کے حوالے سے مفید ہو گی۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ وزارت صحت نے آن لائن دوائوں کی فراہمی کا نظام بھی رائج کیا ہے۔ وزارت نے اسے ’وصفتی‘  ( میرا نسخہ ) کا نام دیا ہے  یہ پروگرام سعودی عرب میں کافی پسند کیا جا رہا ہے ۔  
وزیر صحت نے کہا کہ سعودی عرب میں امور صحت کے حواے سے کافی پروگرام مرتب کیے ہیں  جو جلد ہی نافذ کیے جائیں گے۔ان میں سے ایک منصوبے کو ’نفیس‘کا نام دیا گیا ہے ۔یہ ایک طرح سے مشترکہ ہیلتھ فائل ہے ۔  
وزیر صحت نے بتایا کہ  آن لائن کلینکس پروگرام کورونا وبا کے زمانے میں شروع کیا  تھا جلد ہی اس پروگرام کو مزیدوسعت دی جائے گی ۔ اس کے ذریعے مریض ڈاکٹروں سے منظم شکل میں رابطے کر سکیں گے ۔
مریض سے متعلق تمام معلومات یا اس کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹیں ڈاکٹر کو مہیا ہوں گی ۔انہیں دیکھ کر ڈاکٹر مرض کی تشخیص کریں گے۔ 

صحتی ایپ سے مستفیص ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ڈاکٹرالربیعہ نے مزید کہا کہ وزارت صحت تمام ایپس کو ایک ایپ میں  ضم کرنے کےلیے کوشاں ہے ۔ پروگرام یہ ہے کہ وزارت کی ساری ایپس ’صحتی ایپ‘ میں ضم کر دی جائیں ۔
اس کے ذریعے مملکت بھر میں سب لوگوں کو صحت خدمات حاصل ہوںگی۔ 2021 کے  آغاز میں اس کا اجرا متوقع ہے ۔
مستقبل قریب میں مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑے پیمانے پر ہو گا ۔ اس سے مختلف آلات کو ایک دوسرے سے مربوط کر دیا جائےگا ۔ ڈیجیٹل ہیلتھ ٹیکنالوجی استعمال کر کے یہ ہدف حاصل کیا جائے گا۔  
 
 

شیئر: