Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا، وقوف عرفہ جمعہ 8 جولائی کو

جمعرات 30 جون کو ذی الحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں بدھ  کو ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا۔ جمعرات 30 جون کو ذی الحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے  کے مطابق سپریم کورٹ نے رویت ہلال کے بارے میں بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ’ عید الاضحی سنیچر 9 جولائی کو اور وقوف عرفہ جمعہ 8 جولائی کو ہوگا‘۔ 
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ 29 جون کو چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔
سپریم کورٹ نے اعلامیہ میں کہا تھا کہ ’ام القری کلینڈر کے مطابق یکم ذو القعدہ منگل31 مئی کو تھا مگر رویت ہلال ثابت نہ ہونے کے باعث اس دن کو شوال کا 30 واں دن قرار دیا گیا تھا اور بدھ یکم جون کو ذو القعدہ کی پہلی تاریخ قرار دی گئی تھی‘۔
’اس بنا پر سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کی تھی کہ چونکہ رویت کی بنا پر بدھ 29 جون ذو القعدہ کی 29 ویں تاریخ ہے جبکہ ام القری کلینڈر کے مطابق یہ 30 ذو القعدہ ہے لہذا بدھ کو چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے‘۔
سعودی عرب اور امارات کے ماہرین فلکیات پہلے ہی بتا چکے تھے کہ ذی الحجہ کاچاند بدھ کی شام کو نظر آئے گا۔
 سبق ویب سائٹ کے مطابق ملائیشیا، برونائی اور انڈونیشیا نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو چاند نظر نہیں آیا۔ جمعرات کو ذی قعدہ کی 30 تاریخ ہوگی اور جمعے کو ذی الحجہ کی پہلی ہوگی۔ تینوں ملکوں میں عید الاضحی اتوار کومنائی جائے گی۔ 
ہانگ کانگ میں بھی عید الاضحی کا چاند نظر نہیں آیا۔ 

شیئر: