پاکستان کے وزیرِ دفاع کی عالمی دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے سعودی عرب آمد
یہ نمائش 8 سے 12 فروری تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پانچ روزہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کریں گے۔
عرب نیوز نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس بین الاقوامی نمائش میں دنیا بھر سے سات سو سے زائد دفاعی ادارے اور کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔
یہ نمائش 8 سے 12 فروری تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا اہتمام سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز (جی اے ایم آئی) کر رہی ہے۔ اس ایونٹ میں مختلف ممالک کے سرکاری وفود، دفاعی ادارے اور عالمی سطح کی سکیورٹی و دفاعی کمپنیاں شریک ہیں۔
جی اے ایم آئی کے گورنر احمد الاوہلی کے مطابق نمائش کے دوران فضائی اور زمینی دفاعی مظاہرے، جدید عسکری سازوسامان کی نمائش اور نئے خصوصی زونز قائم کیے گئے ہیں، جن کا مقصد سعودی عرب اور بین الاقوامی دفاعی اداروں کے درمیان شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان ٹیلی وژن نیوز کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سعودی حکومت کی باضابطہ دعوت پر ریاض پہنچے، جہاں ان کا استقبال اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔
حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور معاشی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں۔ 17 ستمبر 2025 کو دونوں ممالک نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ پر دستخط کیے، جس کے تحت ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران طے پایا، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی۔ بعد ازاں دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے معاشی تعاون کے فریم ورک پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان سعودی عرب کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے، جہاں 25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔
