Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باربار ٹریفک خلاف ورزیاں کرنیوالے کو دوران ڈرائیونگ فون کے استعمال پر 24گھنٹے قید ہوگی

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریفک پولیس کے ترجمان کرنل طارق الربیعان نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل پر گفتگو کرنے والے کو اسی صورت میں 24 گھنٹے کی پولیس حراست میں رکھا جائیگا جب ڈرائیور کے خلاف پہلے بھی سنگین خلاف ورزیاں ریکاڈ کی جا چکی ہوں۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل الربیعان نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر گفتگو کرنا خلاف قانون تصور کیاجاتا ہے ۔ ٹریفک کانسٹیبل اگر کسی کو موبائل فون پر گفتگو کرتا ہوا روکتا ہے تو وہ اسے اس وقت تک پولیس کسٹڈی میں نہیں لے سکتا جب تک ڈرائیور کا سابقہ ریکاڈ چیک نہ کر لے ۔ اگرقانون شکنی کا مرتکب ہونے والے ڈرائیور پر پہلے بھی متعدد خلاف ورزیاں درج ہوں جن میں ٹائر اسکریچنگ ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا ، ٹریفک سگنل توڑنا ، مخالف سمت ڈرائیونگ کرنا ، گاڑیوں کے درمیان غلط طریقے سے گاڑی چلانا ، نمبر پلیٹ خراب کرنا ، خطرناک طریقے سے اوورٹیک کرنا جہاں اوورٹیک کرنا ممنوع ہو ، بغیر ہیڈ لائٹس آن کئے گاڑی چلانا مقررہ رفتار سے زیادہ گاڑی چلانا ، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنا ، جس مقام پر گاڑی روکنے کا سائن لگا ہو اس مقام سے تجاوز کرنا شامل ہیں ۔ اگر کسی بھی ڈرائیور پر پہلے بھی اس قسم کے چالان رجسٹر کئے جا چکے ہو نگے جو ان کے سسٹم میں موجود ہوں گے تو ایسے ڈرائیوروں کو موبائل پر بات کرنے پر 24 گھنٹے حراست میں رکھا جاسکتا ہے ۔ کرنل الربیعان نے مزید کہا کہ اگرکسی بھی ڈرائیور پر مذکورہ بالا خلاف ورزیاں درج نہیں ہو نگی تو انہیں حراست میں نہیں رکھا جاسکتا ۔ ایسے ڈرائیور و ںکے خلاف چالان کاٹ کر انہیں وارننگ دی جاتی ہے تاکہ آئندہ اس قسم کی حرکت نہ کریں ۔ کرنل الربیعان نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین لوگوں کی سلامتی کے لئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے ۔ قوانین پر عمل کرنے سے خود اور دوسرے بھی محفوظ رہتے ہیں ۔ دوران ڈرائیونگ موبائل پر گفتگو کرنا انتہائی خطرنا ک ہو تا ہے اس لئے اس سے اجتناب برتنا انتہائی ضروری ہے ۔ واضح رہے کچھ دنو ںسے اس قسم کی افواہیں سوشل میڈیا پر موجود تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل پر بات کرنے والوں کو 24 گھنٹے پولیس کی نگرانی میں گزارنے ہونگے ۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں پر توجہ نہ دی جائے، درست خبریں اخبارات میں شائع کی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ لوگوں کو درست معلومات حاصل ہو سکیں ۔ واضح رہے ٹریفک سگنل توڑنے پر 24 گھنٹے کی قید ہو تی ہے اس کے بارے میں خصوصی احتیاط برتیں کیونکہ ٹریفک سگنل توڑنا انتہائی خطرنا ک ہوتا ہے جس سے سنگین حادثات بھی رونما ہوتے ہیں ۔

شیئر: