Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن مارگریٹ تھیچر نے کیا تھا، صدر پوتن کا جوابی وار

برطانوی وزیراعظم نے کہا تھا کہ صدر پوتن اگر خاتون ہوتے تو یوکرین میں جنگ شروع نہ کرتے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر جوابی وار کرتے ہوئے انہیں سابق وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کے دور میں ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن کا فیصلہ یاد دلایا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ترکمانستان کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ولادیمیر پوتن نے برطانوی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف حالیہ تاریخی واقعات کو یاد دلانا چاہتا ہوں مارگریٹ تھیچر نے جزائر فاک لینڈ حاصل کرنے لیے ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت یہ فیصلہ ایک خاتون نے کیا تھا۔
بدھ کو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ صدر ولادیمیر پوتن اگر خاتون ہوتے تو یوکرین میں جنگ شروع نہ کرتے۔
صدر پوتن کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر برطانوی وزیراعظم کی جانب سے درست حوالہ نہیں دیا گیا۔
روسی صدر نے 40 سے قبل ارجنٹینا کے خلاف برطانیہ کے فوجی آپریشن پر تنقید کی۔ جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع جزائر فاک لینڈ برطانیہ کے زیرانتظام ہیں تاہم ارجنٹینا بھی ان جزائر پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔
پوتن نے سوال کیا کہ فاک لینڈ کہاں واقع ہے اور برطانیہ کہاں ہے؟
جرمن نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف سے گفتگو کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا تھا کہ ’یوکرین پر پوتن کا حملہ ’منفی مردانگی کی ایک بہترین مثال‘ ہے۔
سابق یوگوسلاویہ، افغانستان اور عراق میں مغرب کی فوجی مداخلت کے خلاف ماسکو تنقید کرتا آیا ہے اور اس کو مغربی سامراجیت اور منافقت قرار دیا ہے۔
تاہم دو دہائیوں کی حکمرانی میں پوتن نے خود کئی مرتبہ سامراجیت کے الزامات کا سامنا کیا ہے۔
وہ روس کی سرحدوں کو زبردستی پھیلانا چاہتے ہیں اور انہوں نے خود کہا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ سوویت یونین کی بحالی چاہتے ہیں۔

شیئر: