Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا پھیلاؤ: این سی او سی نے عید الضحیٰ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں

قربانی کے لیے کھلے اجتماعات کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (این سی او سی) نے عید الضحیٰ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔  
این سی او سی کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کو نئی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کروانے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
نئی گائیڈ لائنز کی مطابق عید الضحیٰ کی نماز میں فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ نماز عید کے اجتماعات کھلے مقام پر ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.
اس کے علاوہ بند مقامات پر عید کی نماز کے اجتماعات کے دوران کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھنے اور سماجی فاصلہ اپنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔  
نماز عید کے ایک مقام پر دو یا تین اجتماعات کا اہتمام کرنے اور علما سے خطبہ کے دورانیہ کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این سی او سی نے بیمار، عمر رسیدہ افراد اور بچوں کی عید کے اجتماعات میں شرکت سے پرہیز کرنے کی درخواست کی ہے۔ 
این سی او سی نے عید ملنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کرتے ہوئے سماجی فاصلہ اپنانے اور ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔  
این سی او سی نے شہریوں کو قربانی کے وقت بھی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی ہدایات کی ہیں۔ جس میں اجتماعی قربانی کے دوران سماجی فاصلہ اپنانے اور ماسک لازی پہننے کی ہدایات دی گئی ہیں۔  
قربانی کے لیے کھلے اجتماعات کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ گوشت کی تقسیم کے دوران بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔  

شیئر: