Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید الاضحی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں کے نرخ بڑھ گئے

ٹکٹوں کی قیمتیں 3 گنا بڑھائے جانے کے دعوے درست نہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں عید الاضحی کے موقع پر اندرون مملکت فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ 
اخبار  24 سے گفتگو کرتے ہوئے  مقامی شہریوں  کا کہنا تھا کہ پہلے کے مقابلے میں اندرون ملک پروازوں کے  ٹکٹوں کی قیمتیں تقریبا دگنی ہوچکی ہیں۔ سفر کرنے والے زیادہ ہیں اور بکنگ بروقت کرائی جارہی ہے۔  
مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ تعلیمی سال کے آخری ہفتے میں اندرون ملک سفر کرنے والوں کی تعداد کئی وجہ سے بڑھ گئی۔ ایک طرف تو تعلیمی سال کا اختتام آگیا جس پر تعلیمی و انتظامی عملہ نیز طلبہ و طالبات بھی اپنے شہروں اور قصبوں میں عید اور چھٹیاں منانا چاہتےہیں تو دوسری جانبس سرکاری سیکٹر میں عید الاضحی کی تعطیلات بھی شروع ہوچکی ہیں۔ 
محکمہ  شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ اطلاع درست نہیں ہے کہ تعطیلات کی وجہ سے داخلی پروازوں کے ٹکٹ 300 فیصد مہنگے کردیے گئے۔ 
الروسا نے کہاکہ ٹکٹوں کی قیمتیں 3 گنا بڑھائے جانے  کے دعوے درست نہیں ہیں۔ دراصل جب بھی کوئی سیزن آتا ہے ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں اسکی وجہ طلب میں اضافہ ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ شہری ہوابازی کا کام پروازوں کے حوالے سے قانون بنانا ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پروازوں کی منڈی مستحکم رہے۔ مسافروں کو مناسب قیمت پر ٹکٹ مہیا ہوں اور فضائی کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول مضبوط ہو۔ 
یاد رہے کہ مسافروں کی تعداد میں ہوشربا اضافے کے پیش نظرگزشتہ ہفتے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید اژدحام ہوگیا تھا جس کے  بعد ایئرپورٹ حکام نے اژدحام کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ دراصل سفری کارروائی میں وقت لگتا ہے اور یہاں سے ان دنوں سفر کرنے والوں کی تعداد بڑھی ہوئی ہے۔

شیئر: