Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آٹا اور گھی سستا کریں گے، آئی ایم ایف کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا‘

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ’بجٹ میں امیر لوگوں سے قربانی مانگی ہے اور غریبوں کو مراعات دی ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ’حکومت نے معیشت کو قابو میں کر لیا ہے، جلد ہی آئی ایم ایف سے مذاکرات کریں گے جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے سابق حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان حکومت نے کرپشن کا جو بازار گرم کیا تھا، جو بارودی سرنگیں بچھائی تھیں اس کے باوجود ہم نے معیشت کو قابو میں کر لیا ہے۔‘
مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بتایا کہ ’بہت جلد مذاکرات کے لیے جائیں گے، مجھے اللہ کی ذات سے امید ہے کہ جلد ہی یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔‘
انہوں نے ملک میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمت 130 ڈالر تک چلی گئی تھی اب 100 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ ’بین الاقوامی سطح پر گھی کی قیمتیں 1700 ڈالر فی ٹن پر پہنچ گئی تھیں لیکن اب واپس 1000 ڈالر پر آ گئی ہیں۔ بہت جلد 100، ڈیڑھ سو روپے گھی سستا ہو جائے گا۔‘
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ’ہم نے بڑا متوازن بجٹ پاس کیا ہے، امیر لوگوں سے قربانی مانگی ہے جبکہ غریبوں کو مراعات دی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا  کہ ’دنیا بھر میں گندم کی قیمت کم ہوئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی میں گندم کے نئے ٹینڈر رکھے ہیں۔ اب آٹے کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔‘
وزیر خزانہ کے بقول پی ٹی آئی نے نامکمل منصوبے رکوا دیے تھے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ ’جتنی بجلی پی ٹی آئی نے پچھلے سال میں بنائی ہے، اس سے دگنی بنا رہے ہیں۔ تریمو کے اندر 2018 میں بجلی کا کارخانہ لگایا تھا جو کھولنے جا رہے ہیں۔‘
انہوں  نے بتایا کہ ’اگلے دو دنوں میں کراچی میں 11 سومیگاواٹ کا نیا پاور پلانٹ شروع ہو جائے گا جس سے بڑا ریلیف ملے گا۔‘
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ’جتنا جتنا عرصہ عمران خان کی حکومت دور ہو گی بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔‘
 
 
 

شیئر: