’میری اہلیہ سے مذاق کیا تو ۔۔۔‘ اکشے کمار نے سب کو حیران کر دیا
’میری اہلیہ سے مذاق کیا تو ۔۔۔‘ اکشے کمار نے سب کو حیران کر دیا
منگل 19 جولائی 2022 12:26
اکشے کمار سے ول سمتھ اور کرس راک کے واقعے کے تناظر میں سوال پوچھا گیا تھا (فوٹو: اکشے کمار، انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے ان کی بیوی ٹوئنکل کھنہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کچھ ایسا جواب دیا جس پر سب حیران ہیں اور ان کے لفظوں کا مطلب سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکشے کمار اور سمنتھا روتھ پرابھو ’کافی وِد کرن‘ کے اگلے شو میں مہمان ہیں، جو ابھی چلنا ہے تاہم اس کے پرومو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب کرن جوہر اکشے کمار سے پوچھتے ہیں کہ اگر کرس راک نے ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ سے مذاق کیا تو وہ کیا کریں گے؟
جس پر اداکار نے کہا ’میں ان کے جنازے کے اخراجات ادا کروں گا۔‘
کرن جوہر کا سوال 27 مارچ 2022 کو منتعقد ہونے والی آسکر ایوارڈزکی تقریب میں پیش آنے والے اس واقعے کے تناظر میں تھا جس میں کامیڈین کرس راک نے سٹیج پر ہالی وڈ اداکار ول سمتھ کی بیوی کے بالوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزاحیہ جملہ بولا تھا جس پر ول سمتھ نے ان کو تھپڑ مار دیا تھا اور چیخ کر کہا تھا ’اپنی زبان سے میری بیوی کا نام مت لو۔‘
واقعے سے تقریب کا ماحول متاثر ہوا تھا اور ول سمتھ کو باہر نکال دیا گیا تھا۔
تاہم بعدازاں ول سمتھ نے معافی مانگ لی تھی اور انسٹاگرام پر بھی سب لوگوں سے معافی مانگی تھی۔
ان کا کہنا تھا میں کرس راک، ولیم کی فیملی اور اکیڈمی کی انتظامیہ سے معافی کا خواست گار ہوں۔
یاد رہے اسی تقریب میں ول سمتھ نے ٹینس سٹارز وینس اور سرینا کے والد رچرڈ ولیم کا کردار ادا کرنے پر انعام حاصل کیا تھا۔
واقعے کے بعد ول سمتھ پر اگلے دس سال تک آسکر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔