Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر پر ٹیلی فون نمبر کی تبدیلی کیسے؟

ملازمت پیشہ افراد کے لیے ابشر اکاؤنٹ کھولنا ضروری ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
جب سے مملکت میں ڈیجیٹل دور کا آغاز ہوا ہے سرکاری معاملات کافی آسان ہو گئے ہیں۔ ان میں غیرملکیوں کے اقاموں کا اجرا یا تجدید، خروج وعودہ، خروج نہائی یا ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے معاملات کے علاوہ گاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ ‘ کی تجدید و اجرا سمیت دیگر معاملات شامل ہیں۔ 
ڈیجیٹل سروسز سے قبل سرکاری معاملات کے لیے لوگوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اقامے کی تجدید کے لیے متعدد فارم بھرنے، تصویر بنانے سے لے کر بینک میں فیس بھرنے کے مراحل سے گزرنے کے بعد جوازات کے دفتر میں لائن میں لگ کر درخواست فارم جمع کرانا ہوتا جس میں ایک دن لگ جاتا تھا۔ بعض اوقات درخواست میں کسی قسم کا نقص ہونے پردوسرے دن کارروائی مکمل کرنے کے لیے صبح سویرجلدی نمبر لینے کے لیے قطارمیں کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ 
ڈیجیٹل خدمات سے اب تمام معاملات اپنے گھریا دفتر سے ہی انجام دیے جا سکتے ہیں جس سے لوگوں کو بے پناہ سہولت ہوئی تاہم اس کے لیے ابشر پلیٹ فارم پراکاؤنٹ بنانا لازمی ہے۔ 
ڈیجیٹل خدمات کے حصول کے لیے ابشر اکاؤنٹ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ قانون کے مطابق ہرشخص کا ابشر اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے خاص کرملازمت پیشہ افراد کے لیے بنیادی شرط ابشر اکاؤنٹ کی ہے۔ 
موبائل سمز بھی ابشر اکاؤنٹ سے مربوط کر دی گئی ہیں جس کا بنیادی مقصد بے نامی موبائل سمز کا خاتمہ ہے جو یقینی طور پر ایک بہترین عمل ہے۔  

فنگرپرنٹ فیڈ کرنے کے لیے جوازات کے ذیلی دفتر سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے (فوٹو، الریاض)

ایک شخص کی جانب سے جوازات سے دریافت کیا گیا کہ ’ابشر اکاؤنٹ پراپنا فون نمبر کس طرح تبدیل کیا جا سکتا ہے؟‘ 
اس جواب میں بتایا گیا کہ مملکت میں ڈیجیٹل سروسز کی انجام دہی اور معاملات کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے ہرغیرملکی کارکن کا ابشرسسٹم پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہے۔  
ابشر اکاؤنٹ کے بغیراقامہ کی تجدید اور دیگر معاملات کی انجام دہی ممکن نہیں ہوتی۔ توکلنا اوراعتمرنا ایپ کے لیے بھی ابشر اکاؤنٹ اہم ہوتا ہے۔ 
ابشر اکاؤنٹ کے حوالے سے دریافت کیے گئے سوال کے جواب میں ٹوئٹرپرکہا گیا کہ وہ افراد جو اپنے اکاؤنٹ میں درج موبائل نمبرتبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ابشراکاؤنٹ میں لاگ ان کرنے کے بعد اپنی معلومات یا پروفائل کے سیکشن میں جائیں، جہاں درج موبائل نمبرکی تبدیلی کے آپشن کو اختیار کرتے ہوئے نیا موبائل نمبر درج کرنے کے بعد اسے محفوظ کر دیں۔ 

 ڈیجیٹل سسٹم  سے قبل اقامہ کی تجدید یا خروج وعودہ کےلیے طویل مرا حل سے گزرنا پڑتا تھا(فوٹو، الریاض)

اس امر کا بھی خیال رکھا جائے کہ نیا موبائل نمبر ابشر اکاؤنٹ ہولڈرکے اقامے پرجاری کرایا گیا ہو۔ ابشراکاؤنٹ کے لیے لازمی ہے کہ جوموبائل نمبردیا جائے وہ اسی شخص کا ہو جس کا اکاؤنٹ بنایا جا رہا ہے۔ 
 ابشر کے حوالے سے ہی ایک اور شخص نے دریافت کیا ’ابشر سسٹم میں اکاؤنٹ بنانے کے دوران فنگرپرنٹس فیڈ نہیں ہو رہے، اب کیا کیا جائے؟‘ 
بعض افراد کو فنگرپرنٹ ابشرسسٹم میں فیڈ کرنے کے حوالے سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس حوالے سے ابشرسسٹم سے دریافت کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ ابشر سسٹم میں جن افراد کے اکاؤنٹ میں فنگرپرنٹ فیڈ نہیں کیے جا سکتے انہیں چاہیے کہ وہ جوازات کے ذیلی دفتر سے رجوع کریں۔ 

ابشر اکاؤنٹ بنانے کے لیے رجسٹرڈ موبائل نمبر لازمی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ جس شخص کا ابشراکاونٹ بنایا گیا ہے وہ فنگرپرنٹ محفوظ کرنے کے لیے اپنے بینک سے رجوع کرے جہاں اس کا اکاؤنٹ ہے۔ 
بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے فنگرپرنٹس کو اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں ’ابشر‘سسٹم کی جانب سے فراہم کردہ کمپیوٹرائزڈ مشینوں کے ذریعے بھی فنگرپرنٹس محفوظ کیے جا سکتے ہیں۔

شیئر: