Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں کا میمز بنانے کا فن جو انٹرنیٹ پر کبھی بور نہیں ہونے دیتا

انٹرنیٹ تک عام لوگوں کی رسائی بڑھنے سے میمز بنانے والے پیج بھی کافی سرگرم ہو گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
میم یعنی ڈیجیٹل لطیفہ بنانا ایک فن کا نام ہے اور اس فن کے لیے تخلیقی ہونے کے ساتھ ساتھ مزاحیہ ہونا بھی بہت ضروری ہے۔   
دنیا بھر میں ہر لمحے انٹرنیٹ پر میمز بنائی جاتی ہیں جو کہ آئے روز بین الاقوامی سطح پر وائرل ہوجاتی ہیں۔ 
پاکستان میں طنز و مزاح کو ہمیشہ ہی ایک مقام حاصل رہا ہے اور اس فن نے وقت کے ساتھ ساتھ جدت بھی اختیار کی ہے۔
جب سے انٹرنیٹ تک عام لوگوں کی رسائی بڑھی ہے، یہاں میمز بنانے والے پیج بھی کافی سرگرم ہو گئے ہیں جو طنز و مزاح کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
کچھ خاص موقعوں پر تو انٹرنیٹ بالخصوص ٹوئٹر پر میمز کا سیلاب اُمڈ آتا ہے۔ جب کبھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا میچ ہو تو انٹرنیٹ پر میمز کا بھی مقابلہ جاری رہتا ہے۔ 
 پاکستانی ٹیم کی کارکردگی، ہار، جیت اور کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر شہری خوب میمز بناتے ہیں۔
دا کرنٹ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کے بغیر کیوں نہیں پرفارم کر سکتی۔‘
پی ایس ایل میمز نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک انڈین فلم کی تصویر شیئر کی جس میں شادی کے موقع پر عامر خان دیگر ساتھی اداکاروں کے ساتھ انتہائی جوش جذبے کے ساتھ پلیٹ میں کھانا ڈال رہے ہیں، اسی کے ساتھ پاکستانی کرکٹرز کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ کسی اور موقع پر مسکراتے ہوئے اپنی پلیٹوں میں کھانا ڈال رہے ہیں۔ صارف نے ان دو مختلف موقعوں کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں کا جوش و جذبہ ایک ہی ہے۔
کرکٹ کے بعد سیاسی صورت حال پر بھی پاکستانی شہری بھرپور میمز بناتے ہیں۔ اپنی من پسند پارٹی کی حمایت کرنا ہو یا دوسری پارٹی کی مخالفت، انٹرنیٹ پر میمز کا میلہ لگا رہتا ہے۔ 
پاکستان میں جب کبھی بھی کوئی واقعہ یا حادثہ ملکی سطح پر ہو تو اس موقع پر بھی میمز جاری رہتی ہیں۔ 
جیسے 2021 میں جب ملک بھر میں اچانک سے بجلی بند ہوگئی تو پاکستانی شہریوں نے اپنے آپ کو مصروف رکھا۔
 یہ میمز اس قدر شاندار تھیں کہ بہت سے لوگوں نے گمان کیا کہ شاید پاکستانیوں نے میمز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔  
فراز جلال نامی صارف نے ایک انڈین اداکار کی چھری اٹھائے ہوئے تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ اس وقت موم بتی کی تلاش میں پاکستانی والدین کا بھی کچھ ایسا ہی حال ہے۔
ایک اور صارف نے بلیک آؤٹ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ میم شیئر کی جس پر لکھا ہوا تھا ’میں بلیک آؤٹ میں ٹوئٹر پر اپنی بیٹری ضائع کر رہا ہوں۔‘ 
پاکستان میں میمز بنانے والے مشہور پیج کون سے ہیں؟ 
دی ہیمورسٹ
دی ہیمورسٹ پاکستانی انٹرنیٹ پر ایک جانا مانا صفحہ ہے، جو دن بھر طنز اور مزاح سے بھرپور مواد انٹرنیٹ پر شیئر کرتا رہتا ہے۔ 

دی ہیمورسٹ کو فیس بک پر لاکھوں افراد لائک کرتے ہیں اور ان کے صفحے پر اپلوڈ ہونے والی میمز فوراً وائرل ہوجاتی ہیں۔  

ولید ناصر ٹویٹس 
ولید ناصر صارف نے اپنے ہی نام  سے ’ولید ناصر ٹویٹس‘ اکاؤنٹ چلا رہے ہیں جو اپنے خیالات کا اظہار میمز کی شکل میں کرتے ہیں بلکہ ساتھ ساتھ وائرل ہونے والی میمز کو بھی اپلوڈ کرتے رہتے ہیں۔ 

ولید ناصر ٹوئٹر اور فیس بک دونوں پر سرگرم ہیں جو اپنے صارفین کا خوب دل لبھاتے ہیں۔ 

کومکس بائے ماجد 
کومکس کی دنیا میں پاکستانی انٹرنیٹ پر کومکس بائے ماجد ایک جانا پہچانا نام ہے۔

اس پیج پر ماجد اپنے تخلیقی فن سے گرافکس کے ذریعے میمز بناتے ہیں اور سماجی مسائل پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔  

میمز آف پاکستان 
مائیکرو بلاگنگ کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر میمز آف پاکستان ایک معروف صفحہ ہے۔ 
یہ صفحہ اپنی ٹویٹس کو سکرین شاٹس کے ذریعے اپنے فیس بک پر شیئر کرتا ہے جہاں ہزاروں صارفین ان میمز کو پسند کرتے ہیں۔
اس پیج کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے میمز پڑھنے والا اپنے تجربات بھی محسوس کرتا ہے جیسا کہ اس میم میں بتایا گیا ہے۔ 

شیئر: