Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ: آخری اننگز میں پاکستان کو فتح کے لیے 508 رنز کا ہدف

دوسری اننگز میں امام الحق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک 508 رنز کی ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنا لیے تھے۔ 
پاکستان کو فتح کے لیے مزید 419 رنز  درکار ہیں جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔ 
بدھ کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 360 رنز اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کر دی  تھی جس کے بعد پاکستان کو آخری اننگز میں میچ جیتنے کے لیے 508 رنز کا ہدف ملا ہے۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چائے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز سکور کیے۔ آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق نے 16 رنز بنائے۔
چوتھے روز جب کم روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو کریز پر امام الحق 46 رنز بنا کر جبکہ کپتان بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ موجود تھے۔ 
قبل ازیں سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دھننجایا ڈی سلوا نے سینچری سکور کی۔ انہوں نے 109 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔
نسیم شاہ اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ، آغا سلمان اور نعمان علی نے ایک، ایک سری لنکن کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

سری لنکا کی دوسری اننگز میں دھننجایا ڈی سلوا نے سینچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 62 جبکہ امام الحق نے 32 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کے بولر رامش مینڈس نے پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: