Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کا حوصلہ افزائی پر بابر اعظم کا شکریہ

بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے حوصلہ افزائی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بابر اعظم نے چند دن قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور وراٹ کوہلی کی تصویر شیئر کی اور وراٹ کوہلی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘
سنیچر کو بابر اعظم کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’چمکتے رہیں اور آگے بڑھتے رہیں، آپ کے لیے نیک تمنائیں۔‘
خیال رہے کہ کچھ عرصے سے وراٹ کوہلی آؤٹ آف فارم ہیں اور ان کی انڈین ٹیم میں جگہ کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔  
وراٹ کوہلی کے حوالے سے ٹویٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی خوب سراہا گیا۔
عام طور پر بابراعظم کا موازنہ وراٹ کوہلی سے کیا جاتا ہے اور ہر میچ کے بعد دونوں کی سینچریوں اور مجموعی سکور کا تقابل کیا جاتا ہے۔
بابر اعظم اس وقت ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ وراٹ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ٹی20 میں ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہیں۔
وراٹ کوہلی اور بابر اعظم  کے پیغامات کے تبادلے سے انڈیا اور پاکستان میں کرکٹ شائقین کی خوشی قابل دید ہے۔

ٹوئٹر صارف انظر شاہ نے کہا کہ ’یہ سال میں پہلی بار ہے کہ وراٹ کوہلی نے کسی ٹویٹ کا جواب دیا ہے، ایک چیمپیئن کا دوسرے چیمپیئن کو جواب دینا تو بنتا ہے۔‘
ٹوئٹر ہینڈل کوٹلی لائنز پر لکھا گیا کہ ’پاکستان کے بابر اور انڈیا کے وراٹ دونوں سرحدوں کے پار دل جیت رہے ہیں۔‘

ٹوئٹر یوزر وقاص نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آگیا آگیا جواب آگیا‘
ابراہیم راجا نے لکھا کہ ’یہ برصغیر کی دو عمدہ شخصیات ہیں۔‘

یاد رہے کہ جمعرات کو بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا تھا۔

شیئر: