Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کا آغاز قصیم ریجن سے کیا جائیگا

ریاض ..... وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد ابالخیل نے کہا ہے کہ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کا تجربہ قصیم ریجن سے کیا جائیگا۔ وزارت محنت نے شاپنگ مال کی سعودائزیشن کے نفاذ کی تاریخ کا تعین نہیں کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن سے مراد ہر ایئرکنڈیشنڈ شاپنگ سینٹر ہے خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا۔ یہ وضاحت اس لئے کی جارہی ہے تاکہ وزارت محنت کے فیصلے سے یہ نہ سمجھا جائے کہ اس سے مراد بڑے شاپنگ مالز ہیں۔وزارت محنت شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کیلئے بہت جلد نوجوانوں سے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ مال میں تمام دکانوں میں سعودی نوجوان اور خواتین کو بھرتی کرنا ضروری ہے۔ اس بات سے قطع نظر کہ شاپنگ مال کے اندر کھلنے والی دکان کس شعبے سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالز میں زنانہ ا شیاءو ملبوسات فروخت کرنے والی دکانوں میں سعودی خواتین کو بھرتی کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاپنگ مالز میں سعودی خواتین کو یہ سہولت دی جائیگی کہ ہر شاپنگ مال میں بچوں کو سنبھالنے کیلئے نرسری ہومز ہونگے۔ دریں اثناءوزارت محنت نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے نجی شعبے سے وابستہ افراد اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کے حوالے سے تجاویز ارسال کی جائیں۔ اس مقصد کیلئے وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر ایک لنک جاری کیا ہے۔ 

شیئر: