Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم شہباز شریف فرد جرم کے لیے عدالت طلب

طبعیت کی ناسازی کے باعث مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز بھی عدالت پیش نہیں ہو سکے۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)
لاہور کی خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا ہے۔
سنیچر کو لاہور کی سپیشل کورٹ سینٹرل میں وزیراعظم شہباز اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے حاضری سے معافی کی درخواست دی تھی۔
درخواست میں وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ عدالت آج کے لیے حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’طبیعت ناساز ہے ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے۔‘
کمر میں تکلیف کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز بھی عدالت پیش نہیں ہو سکے۔
ایف آئی اے نے وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف 16 ارب کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
ایف آئی اے نے ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں جمع کرایا۔ 
ایف آئی اے نے عدالت کو سلمان شہباز کی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔
جون میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی تھی۔

شیئر: