Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ پرمٹ میں تبدیلی ممکن نہیں: ترجمان وزارت حج

عمرہ زائرین کی تعداد محدود نہیں کی گئی(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت حج وعمرہ کے ترجمان ھشام سعید کا کہنا ہے کہ عمرہ پرمٹ کی تاریخ اور وقت میں تبدیلی ممکن نہیں، فی الحال عمرہ زائرین کی تعداد کے حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے ترجمان سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کے پروگرام میں نئے عمرہ سیزن کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے۔
ترجمان حج وعمرہ نے مزید کہا کہ عمرہ کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے پرمٹ کا حصول ہی اہم ہے جس کی سہولت موجود ہے۔
عمرہ پرمٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ھشام سعید کا مزید کہنا تھا کہ حاصل کیے گئے پرمٹ میں وقت اور تاریخ تبدیل نہیں کی جاسکتی البتہ پرمٹ کے وقت سے قبل اسے منسوخ کرانے کے بعد دوسرا پرمٹ جاری کرنا ممکن ہے۔
عمرہ پرمٹ کے لیے عمر کی حد کے حوالے سے ترجمان وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے لیے کم سے کم عمرکی حد 5 برس مقرر ہے۔
گذشتہ عمرہ سیزن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ھشام سعید نے بتایا کہ گذشتہ عمرہ سیزن میں 7 کروڑ عمرہ پرمٹ جاری کیے گئے تھے توقع ہے کہ امسال یہ تعداد اس سے کافی زیادہ ہوگی۔
واضح رہے مملکت میں امسال عمرہ سیزن کا آغاز یکم محرم سے کردیا گیا ہے اس ضمن میں سنیچر کوپاکستان ، تاجکستان اور اوزبکستان سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوچکی ہے۔


بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کے قافلے براہ راست جدہ اورمدینہ منورہ پہنچے۔ جدہ آنے والے   زائرین عمرہ کی ادائیگی کے لیے براہ راست مکہ مکرمہ گئے جبکہ مدینہ منورہ آنے والے زائرین وہاں چند دن قیام کرنے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔

شیئر: